مسلم لیگی رہنما بلال یامین کا ایس پی صدر راولپنڈی پر قتل کی سازش کا الزام

ڈکیتی کیس میں گرفتارلیگی رہنماکو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

جمعہ 17 اپریل 2015 22:06

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) مسلم لیگی رہنما بلال یامینکو ڈکیتی کیس میں مقامی عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیاگیا جبکہ گرفتار لیگی رہنما بلال یامین نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے ایس پی صدر راولپنڈی سردار غیاث گل پر قتل کی سازش تیار کرنے اور دھمکیوں کا الزام عائد کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سے لیگی ایم پی اے ثوبیہ ستی کے ماموں اور صابق صوبائی وزیر کرنل یامین ستی مرحوم کے بیٹے بلال یامین کو مقامی عدالت نے ڈکیتی کے مقدمہ میں چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر سنٹرل جیل اڈیالہ بھجوانے کا حکم جاری کیا ہے۔

قبل ازیں عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے لیگی رہنما بلال یامین نے خدشہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی صدر غیاث گل انھیں قتل کرنے کی سازش تیار کر رہے ہیں اور اگر انھیں کسی قسم کا بھی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار صدر راولپنڈی ہوں گے۔

(جاری ہے)

ایس پی صدر راولپنڈی غیاث گل کے علاوہ بلال یامین نے دو اور ناموں کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ان سیاسی لوگوں کے نام ان کے وکیل عدالت میں پیش کریں گے کیونکہ وہ مقدمے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہتے۔

بلال یامین نے پولیس کے بہمانہ تشدد اور زیادتیوں کا ذکر کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ایس پی صدرغیاث گل اپنی ذاتی مخاثمت کے تحت یہ تمام کاروائی کر رہے ہیں۔ عدالت نے بلال یامین کو تھانہ روات میں درج ڈکیتی کے مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ بعدازں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ان پر قائم مقدمات اور تشددایس پی صدر غیاث گل کی ایماء پر کیے گئے جبکہ 24مارچ سے گرفتار ی کی تاریخ 6اپریل تک انھیں غیر قانونی حراست میں رکھا گیا۔

اس دوران ایس ایچ او کلرسیداں چوہدری الیاس گجر نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے تھانہ روات میں ان پر تشدد کیا جبکہ اس کی پشت پناہی بھی ایس پی صدر غیاث گل کر رہے ہیں۔ عدالت کے باہر بات کرتے ہوئے بلال یامین نے مسلم لیگی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیااور کہا کہ پولیس تشدد کے ذریعے انکی آواز دبائی نہیں جا سکتی ۔ پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر مسلم لیگ کے ورکروں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے احاطہ عدالت میں پنجاب پولیس اور ایس پی صدر غیاث گل کے خلاف نعرہ بازی کی اور بلال یامین کے خلاف قائم مقدمات کو گہری سازش قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :