23اپریل کو الطاف حسین ناقابل واپسی استعفیٰ دینگے،شہر قائد کی قسمت کا فیصلہ لندن نہیں کراچی کی گلیوں میں ہو گا، الطاف حسین بھارت تو جاسکتے ہیں مگر کراچی نہیں آسکتے،کراچی سے غنڈہ گردی اور بدمعاشی ختم ہونے والی ہے ،کراچی کی خواتین تبدیلی چاہتی ہیں تو جماعت اسلامی کوووٹ دیں، خواتین کو تعلیم یافتہ، خودمختار دیکھنا چاہتے ہیں‘ ہماری حکومت آئی تو خواتین کی ملازمت کے اوقات میں کمی کرینگے

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا شارع پاکستان پر خواتین کے جلسے سے خطاب

جمعہ 17 اپریل 2015 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ شہر قائد کی قسمت کا فیصلہ لندن میں نہیں کراچی کی گلیوں میں ہو گا،الطاف حسین نے 9 بار استعفی دے کر واپس لیا، مگر23اپریل کو وہ ناقابل واپسی استعفی دیں گے، الطاف حسین بھارت تو جاسکتے ہیں مگر وہ کراچی نہیں آسکتے،کراچی سے غنڈہ گردی اور بدمعاشی ختم ہونے والی ہے کراچی کی بہنیں پیغام دے رہی ہیں راجہ داہر طرز کی سیاست کا خاتمہ ہو گا، خواتین کو وراثت میں ان کا جائز حق دلائیں گے۔

جمعہ کو یہاں شارع پاکستان پر جماعت اسلامی کے تحت ہونے والے خواتین کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ الطاف حسین نے نو بار استعفی دے کر واپس لیا، مگرتیئس اپریل کو وہ ناقابل واپسی استعفی دیں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ آج خواتین نے خوف کے بت کو توڑ دیا ہے۔ ہم خواتین کو بااختیار دیکھنا چاہتے ہیں، 23اپریل کراچی کی قسمت جاگنے کا دن ہوگا، عوام 23 اپریل کو بتادیں گے کہ اب فیصلے لندن سے نہیں بلکہ کراچی میں ہی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب بدمعاشی نہیں بلکہ شرافت اورخدمت کی سیاست ہونی چاہیے، کراچی سے تاجر بھاگ رہے ہیں کیونکہ انکی جانوں کو تحفظ نہیں، گزشتہ عشرے میں سترہ ہزار سے زیادہ کارخانے بند کیے گئے۔ سیاسی مصلحتوں کی وجہ سے حکومت سندھ متحدہ کے گناہوں پر پردہ ڈالتی رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ الیکشن عوام کے سامنے اور پاکستان کے لیے خوشخبری کا پیغام ہوگا اور اس بار ایم کیوایم کو ماضی کی طرح ٹھپے لگانے کا موقع نہیں ملے گا جب کہ ہم نہیں سمجھتے کہ الطاف حسین کبھی کراچی کا رخ کریں گے کیونکہ وہ بھارت تو جاسکتے ہیں لیکن یہاں نہیں آسکتے۔

سینٹیر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت ہوگی تو خواتین کی ملازمت کے اوقات میں کمی کرینگے۔ عافیہ صدیقی کو رہائی دلواکروطن واپس لائیں گے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کراچی سے غنڈہ گردی اور بدمعاشی ختم ہونے والی ہے کراچی کی بہنیں پیغام دے رہی ہیں راجہ داہر طرز کی سیاست کا خاتمہ ہو گا۔ خواتین کو وراثت میں ان کا جائز حق دلائیں گے۔

سراج الحق نے کہا اب ماضی کی طرح ٹھپے نہیں لگیں گے۔ کراچی کے عوام تبدیلی اور خوشحالی کیلئے جماعت اسلامی کے نشان پر ٹھپہ لگائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا سرکار بتائے حکومتی محکموں میں گھوسٹ ملازمین کیسے گھسے؟۔ ہزاروں ملازمین تنخواہ سرکار سے لیتے ہیں اور ڈیوٹی نائن زیرو پر دیتے ہیں۔ جلسے سے جماعت اسلامی کے مختلف رہنماوٴں نے بھی خطاب کیا۔

معراج الہدٰی صدیقی نے کہا عمران خان آ گئے سراج الحق آ گئے الطاف حسین آپ کب آئیں گے۔ این اے 246 سے جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم نے کہا کہ کراچی میں رات کو بھی کاروبار ہوتا تھا اب دن میں کسی کا جان ومال محفوظ نہیں۔ راشد نسیم نے کہا کہ سراج الحق کی قیادت میں کراچی لاوارث نہیں رہے گا جماعت اسلامی شہر قائد کو امن کا گہوارہ بنائے گی۔