پاسبان کا سیاست کے میدان میں داخلہ تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا، عثمان معظم

اب کنٹینر اور ٹارگٹ کلنگ کی سیاست کا خاتمہ ہوگا، لوگ مسائل کا حل چاہتے ہیں دانشوری نہیں، رہنما پاسبان

جمعہ 17 اپریل 2015 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) پاسبان کے نامزد امیدوار حلقہ NA-246عثمان معظم نے انتخابی مہم کے سلسلے میں حسین آباد اور اطراف کے علاقوں کا دورہ کیااور نماز جمعہ حسین آباد کی مرکزی مسجد میں ادا کی ۔پاسبان کا سیاست کے میدان میں داخلہ تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا کیونکہ لوگ اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں دانشوری نہیں ۔اب کنٹینر اور ٹارگٹ کلنگ کی سیاست کا خاتمہ ہوگا۔

جماعت اسلامی کو اب سیاست ترک کرکے تبلیغ دین کرنی چاہیئے ،ایم کیو ایم نے 30سالوں میں کراچی کو موہنجودڑو کے کھنڈرات میں تبدیل کردیا اور پی ٹی آئی نے بہت جلد اپنی سیاست کا اصل چہرہ دکھادیا ہے۔ یہ باتیں عثمان معظم نے حسین آباد کے عوام سے ملاقاتوں کے دوران کہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا مسئلہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ،پانی کی مصنوعی قلت ، بدامنی اور بے روزگاری سے چھٹکارہ ، ہے ۔

(جاری ہے)

ڈبل سواری پر پابندی لگا کر ٹرانسپورٹروں سے بھاری بھتہ وصول کرنے والوں کو اب حلقہ NA-246کے عوام منتخب نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاسبان نے اپنے مرکزی الیکشن کیمپ، کریم آباد میں عوام کے حقیقی مسائل کی نشاندہی کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اور آج ٹارگٹ کلر کے علامتی پتلے کو پھانسی دے کر پاسبان کے پرامن کراچی کے عزم کو دہرایا جائے گا۔علاقے کے لوگوں نے عثمان معظم سے کہا کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے معاملے میں تمام سیاسی جماعتوں نے قوم کو مایوس کیا ہے لیکن امید کرتے ہیں کہ ڈاکٹر عافیہ کے معاملے میں پاسبان اپنے وعدے سے نہیں پھرے گی، اس موقع پر بعض لوگوں نے عثمان معظم سے ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے کا وعدہ بھی لیا۔

عثمان معظم نے کہا کہ ہم یہ بات نہیں کرتے کہ ہم منتخب ہوکر عوام کے مسائل حل کریں گے بلکہ ہم نے اسمبلیوں سے باہررہ کر بھی عوام کے مسائل حل کئے ہیں اور ڈاکٹر عافیہ کے معاملے میں پہلے ہی اعلان کرچکا ہوں کہ اگر منتخب ہو کر میں عافیہ کو واپس نہیں لا سکا تو اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دوں گا۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ عافیہ کے معاملے کو اٹھا کر آپ لوگوں نے اپنا دینی اور قومی فریضہ ادا کیا ہے اور آپ لوگ میرے حق میں دعا کیجئے گا کہ منتخب ہوکر اس دینی اور قومی فریضے کو ادا کرنے میں اللہ تعالیٰ میری مدد فرمائے اور مجھے پوری امید ہے کہ غباروں کو اسٹیمپ لگا کر لوگ اس الیکشن میں تبدیلی کی بنیاد رکھ دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :