حکومت عالمی سطح پرکشمیر کیس کو مناسب طریقے سے اٹھانے میں ناکام رہی ہے‘حافظ محمد ادریس

کشمیر ی عوام 70سال سے پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں اور لاکھوں کشمیری نوجوانوں نے تکمیل پاکستان کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے کشمیری عوام نے پاکستانی حکمرانوں سے مایوس ہوکر آزادی کی تحریک اٹھائی اور اس جدوجہد میں ناقابل فراموش قربانیاں پیش کیں ‘حاف محمد ادریس

جمعہ 17 اپریل 2015 21:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ حکومت عالمی سطح پرکشمیر کیس کو مناسب طریقے سے اٹھانے میں ناکام رہی ہے ،کشمیر ی عوام 70سال سے پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں اور لاکھوں کشمیری نوجوانوں نے تکمیل پاکستان کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ، کشمیری عوام نے پاکستانی حکمرانوں سے مایوس ہوکر آزادی کی تحریک اٹھائی اور اس جدوجہد میں ناقابل فراموش قربانیاں پیش کیں ،حکومت کو چاہئے کہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے فوری طور پر اقوام متحدہ کی قرار داد وں پرعملدرآمد کے لیے عالمی سطح پر حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرے ،بھارت اب کشمیری عوام کو زیادہ دیر تک طاقت کے زور اور اسلحہ کی نوک پر غلام بنا کر نہیں رکھ سکتا ،وہ وقت جلد آنے والا ہے جب پاکستانی پر چم جموں اور کشمیر کے ہر گھر پر لہرائے گا،بھارت آٹھ لاکھ فوج کی مددسے کشمیری عوام کو دبا کر رکھنے میں ناکام ہوچکا ہے ،اب کشمیر کے گلی کوچوں اور چوکوں اور چوراہوں سے ”میری جند میری جان پاکستان پاکستان “کے نعرے سنائی دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حافظ ادریس نے کشمیریوں کی احتجاجی ریلی پر بھارتی فوج کی اندھادھند فائرنگ کے نتیجہ میں ڈیڑھ درجن مظاہرین کے شدید زخمی ہونے اور بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی اور مسرت عالم کی بلاجواز گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سینکڑوں بار حریت رہنماؤں کو قید و بند کی صعوبتیں دے چکا ہے اور سید علی گیلانی کی عمر کا زیادہ تر حصہ بھارتی جیلوں اور حوالاتوں میں گزرا ہے مگر وہ کشمیری عوام کے آزادی اور حق خود ارادیت کے مطالبے سے پیچھے ہٹانے میں کامیا ب نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے چپے چپے پر بھارتی فوج کا قبضہ ہے اور کشمیریوں کے گھروں اور باغات پر بھارتی فوج پہرہ دے رہی ہے مگر وہ تمام تر مظالم اور درندگی کے باوجود کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت اور آزادی کی لگن کو ختم نہیں کرسکی ،انہوں نے کہا کہ لاکھوں کشمیری نوجوان فوجی ٹارچرسیلوں ،انویسٹی گیشن سینٹروں اوربدنام زمانہ عارضی جیلوں میں قید ہیں جن پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے جارہے ہیں ،ہزاروں خواتین کی عزتوں کو پامال کیا گیا ،گھروں ،مساجد اور باغات کو نذر آتش کردیا گیا ،معصوم بچوں کو ماؤں کی گودوں سے چھین کر گولیوں کا نشانہ بنا دیا گیا مگر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے نام نہاد عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے رہے ۔

انہوں نے کہا کہ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان خاموشی کا روزہ تو ڑ دے اور بھارت کو سرپر بٹھانے کی روش ترک کردے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران امریکی ناراضگی کوخاطر میں نہ لاتے ہوئے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی کھل کر حمایت کریں ۔حافظ محمد ادریس نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان سید علی گیلانی اور مسرت عالم کی فوری رہائی کیلئے بھی عالمی سطح پر آواز بلند کرے ۔

متعلقہ عنوان :