کراچی ،ضلع وسطی کی انتظامیہ نے ایم کیوایم ،جماعت اسلامی کو انتخابی مہم کیلئے جلسوں کی اجازت دینے کیلئے جمع کرائی گئی درخواستوں کومسترد کردیا

جمعہ 17 اپریل 2015 21:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) کراچی کے ضلع وسطی کی انتظامیہ نے متحدہ قومی موومنٹ اور جماعت اسلامی کی جانب سے آج (ہفتہ ) کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کی انتخابی مہم کے لیے جلسوں کے انعقاد کی اجازت دینے کے لیے جمع کرائی گئی درخواستوں کومسترد کردیا ہے اور دونوں جماعتوں کو جلسوں کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم کے لیے کسی جماعت کو جلسے کی اجازت کے لیے تحریری درخواست الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق انتطامیہ کے پاس تین روز قبل جمع کراناضروری ہوتی ہے تاکہ ا نتظامیہ سیکورٹی کے انتظامات مکمل کرسکے۔ ایم کیوایم اور جماعت اسلامی نے ضابطہ اخلاق کے مطابق جلسوں کے انعقاد کے لیے درخواستیں جمع نہیں کرائی ہیں ،اس لیے دونوں جماعتوں کو جلسوں کے انعقاد کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے ۔ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے دونوں جماعتوں اور پولیس حکام کو آگاہ کردیا ہے ۔