ڈیرہ اسماعیل خان کے معروف سیاسی خاندان میاں خیل برادران نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کردیا

جمعہ 17 اپریل 2015 21:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) ڈیرہ اسماعیل خان کے معروف سیاسی خاندان میاں خیل برادران نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ انہوں نے یہ اعلان اپنی رہائش گاہ پر ایک پر ہجوم پریس کانفرنس میں کیا۔ پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان ا ور قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ ، ضلعی امیر زاہد محب اللہ ایڈووکیٹ اور سیاسی کمیٹی کے سربراہ مولانا سلیم اللہ ارشد بھی موجودتھے۔

پریس کانفرنس میں سابق ایم این اے سردار عمر فاروق میاں خیل، سابق ایم پی اے سردار فتح اللہ میاں خیل اور سابق تحصیل ناظم پروا سردار فخراللہ نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ظلم کے خلاف حق کی آواز بلند کرنے کے لئے جماعت اسلامی میں شامل ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ اس کے پرچم اور انتخابی نشان ترازو کے ساتھ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گے۔

وہ تحصیل اور ضلع کی سطح پر اپنے مضبوط امیدوار سامنے لائیں گے اور عوام کے بھر پور تعاون سے چیئرمین کی سیٹ جیت کر دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاک اور شفاف پلیٹ فارم پر آکر انہیں نئی قوت ملی ہے اور اعتماد بحال ہوا ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں ترازو کا نشان عوام کے لئے اپنے روشن مستقبل کا نشان ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :