خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں صاف وشفاف بلدیاتی انتخابات منعقد کروائے،لیاقت بلوچ

عوام کے خون پسینے کی کمائی کو اڑانے نہیں دینگے ،دیانتداری سے عوامی بہبود کیلئے خرچ کریں گے،سیکرٹری جنر ل جماعت اسلامی

جمعہ 17 اپریل 2015 21:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف پُرزور مہم چلائی ہے ۔ اب یہ پی ٹی آئی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ صوبہ میں شفاف بلدیاتی الیکشن کرائے ۔ حکومتی وسائل کسی کے حق میں استعمال نہ ہونے دیں ۔ وزیر اعلیٰ پابندی لگائے کہ اس دوران انتخابی ضابظہ اخلاق کوئی فنڈ ریلیز نہ ہو۔

یہ منتخب نمائندوں کا اختیار ہونا چاہئے کہ وہ عوامی مفادات میں فنڈز کا استعمال کریں ۔ شفاف انتخابات کے ذریعے خیبر پختونخوا کو مثالی صوبہ بنایا جائے۔جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں میاں خیل برادران کے جماعت اسلامی میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان ،ایم این اے صاحبزادہ طارق اللہ، جماعت اسلامی ڈیرہ اسماعیل خان کے امیر زاہد محب اللہ ایڈووکیٹ اور سابق امیر ضلع سلیم اللہ ارشد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سابق ایم این اے سردار عمر فاروق میاں خیل ، سابق ایم پی اے سردار فتح اللہ خان میاں خیل اور سابق تحصیل ناظم پرواسردار فخراللہ میاں خیل نے خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا اور جماعت اسلامی کے جھنڈے اور انتخابی نشان ترازو کے تحت بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا بھی اعلان کیا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ناانصافی اور ظلم سے عام آدمی تنگ ہے۔ میاں خیل خاندان طویل عرصے سے پارلیمنٹ میں عوام کی خدمت کرتا رہا ہے۔ انہوں نے ہمیشہ اصولی موٴقف اختیار کیا ہے ۔ اب انہوں نے حق کی آواز بننے اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کے لئے جماعت اسلامی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں خیل بردران کی شمولیت سے ڈیرہ اسماعیل خان کی سیاست پر دیرپا اثرات مرتب ہوں گے۔

ہمیں منصب اور عہدے کا لالچ نہیں ۔ ہم عوامی خدمت کا راج دیکھنا چاہتے ہیں۔ اب ملک سے کرپشن اور اقربا پروری کا نظام ختم ہونا چاہئے۔ شفاف بلدیاتی نظام کے ذریعے شہریوں کو ان کے حقوق دئیے جائیں ۔ انہیں صاف پانی ، جگمگاتی اور روشن گلیاں اور صفائی کا اعلیٰ انتظام ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے خون پسینے کی کمائی کو اڑانے نہیں دیں گے بلکہ اسے دیانتداری سے عوامی بہبود کے لئے خرچ کریں گے۔

ہمارے تمام فیصلے باہم مشاورت سے ہوتے ہیں ۔ میاں خیل گروپ کے جماعت اسلامی میں شامل ہونے سے عوام کو ایک بہترین چوائس مل گئی ہے۔ ترازو کے نشان کو ووٹ دینے سے قوم میں اعتماد بحال ہوگا ۔ اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کے لئے بہترین بنیاد فراہم ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس بار ضلعی چیئرمین ترازو گروپ سے ہی آئے گا ۔ عوام اس پر مہر لگا کر اپنے بہتر مستقبل کی طرف سفر کا آغاز کردیں۔