رینجرز کے بعد ووٹرزالائنس نے بھی شفاف مانیٹرنگ کیلئے اپنے مطالبات پیش کر دیئے

جمعہ 17 اپریل 2015 20:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) رینجرز کے بعد ملک بھر کے ووٹرز کی نمائندہ واحد ملک گیر تنظیم ” ووٹرز الائنس پاکستان “ نے بھی کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے NA-246 میں 23 اپریل کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے انتخابی عمل کو اپنی خصوصی مانیٹرنگ کے ذریعے یقینی طور پرمکمل آزادنہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف بنانے کیلئے حکومت اور الیکشن کمیشن کو اپنے مطالبات پیش کر دیئے ہیں جن میں حکومت سے انتظامی اخراجات کیلئے 10 لاکھ کی گرانٹ، بایومیٹرک تصدیق کے نظام کا نفاذ،ویپ مانیٹرنگ رضاکاروں اور سیاسی پولنگ کیمپس سے پولنگ اسٹیشن تک ووٹرز کی فول پروف سیکورٹی کے علاوہ ووٹرز الائنس کی مانیٹرنگ ٹیم کے ارکان کو پولنگ اسٹیشن کے اندرپولنگ کے آغاز سے ووٹ گنتی اور نتائج کے اجراء تک بیٹھنے اور پولنگ عمل کی نگرانی کیلئے خصوصی اجازت اور کارڈز کے اجراء سمیت متعددیگر مطالبات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

الائنس کے دوسرے مطالبات میں کہا ہے گیا ہے کہ انکی مانیٹرنگ ٹیم کے ارکان کو ووٹرز سمیت امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس#، پریزائڈنگ آفیسر ز، انتخابی عملہ سے انتخابی عمل پر اعتراض یا اطمینان کے حوالے سے تحریری رائے بمعہ دستخط لینے ، ووٹ گنتی کی نگرانی اور نتائج کی نقل بمعہ پولنگ ایجنٹس و پریزائڈنگ افسر کے د ستخط و مہر کے حصول کی اجازت بھی دی جائے۔

اجلاس میں الائنس کے رہنماؤں کی جانب سے حکومت ، الیکشن کمیشن اور انتظامی اداروں پر واضح کیا گیا کہ NA-246 کے ضمنی الیکشن کو مکمل طور پر آزادانہ ، مصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف طور پر انعقاد پذیر ہونے کیلئے ووٹرز الائنس پاکستان نے ایک ہزار سے1500 تک جمہوری رضاکاروں کیساتھ حلقے کی پولنگ کی نگرانی کا جامع پروگرام مرتب کیا ہے جس پر 10 سے 15 لاکھ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے لہذا اگر حکومت ، الیکشن کمیشن اور دیگر سرکاری ادارے الیکشن کے آزادانہ ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انعقاد کی نیک نامی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو الائنس کو فوری طور پر مطلوبہ مالی گرانٹ جاری کرنے کے ساتھ ساتھ رینجرز کے تمام مطالبات پورے کرنے اور الائنس کے دیگر مطالبات کوپورا کرنے کی یقین دہانی کرائیں۔

ان امور کا اظہار الائنس کے بانی و مرکزی چیئرمین جمیل اقبال سیّد کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں جس سے دیگر مرکزی رہنماؤں اے ڈی قریشی، شکیل ملک، ایس ایم ریحان، فیصل غوری، حسنین عباس زیدی، راؤ صولت علی خان و دیگر نے بھی خطاب کیاالائنس کے انتظامی نوعیت کے مطالبات میں تجویز گیاہے کہ الیکشن کمیشن اپنے اسٹاف کے لنچ ، ٹھنڈے پانی ، چائے، گنتی کیلئے ایمر جنسی لائٹس،ماچس ، سیلنگ ویکس اور اسٹیشنری اور دیگر ضروریات کا از خود اہتمام کرے تاکہ پولنگ اسٹیشن میں کسی بھی بہانے بیرونی مداخلت کا ہر امکان ختم کیا جا سکے۔

اجلا س کو بتایا گیا کہ ووٹرز الائنس پاکستان کی مرکزی قیادت کی جانب سے اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ضلع وسطی، صوبائی الیکشن کمیشن آفس اور چیف الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مراسلے بھی روانہ کر دیئے گئے ہیں جن کے جوابات کا انتظار ہے جس کے بعد الائنس اپنی مانیٹرنگ ٹیموں کے اراکین کے ناموں اور انکی حکمت عملی کا مکمل طور پر اعلان کریگا۔الائنس کے رہنماؤں نے اجلاس سے اپنے خطاب میں یہ اعلان بھی کیا کہ الائنس کی جانب سے حلقے کی مانیٹرنگ کے تفصیلی پروگرام ، ٹیموں کے ناموں اور نئے حالات کے مطابق حکمت عملی کا اعلان آئندہ چند دنوں میں کر دیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :