پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں ”یوم عہد تحفظ حرمین الشریفین ومملکت سعودی عرب “منایا گیا ، 74ہزار سے زائد مساجد میں علماء،خطباء اورآئمہ نے لبیک یاحرمین اور لبیک یا خادم الحرمین الشریفین کی صداؤں میں لاکھوں افراد سے حرمین شریفین اور سعودی عرب کے تحفظ کا عہدلیا، متفقہ قراردادوں کی منظوری ،حرمین شریفین اور سعودی عرب کی سلامتی و استحکام کیلئے ہرقسم کی قربانی دینے کا اعلان

جمعہ 17 اپریل 2015 20:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں ”یوم عہد تحفظ حرمین الشریفین ومملکت سعودی عرب “منایا گیا۔ پاکستان علماء کونسل کی ذیلی تنظیم وفاق المساجد پاکستان سے ملحق ملک بھر کی 74ہزار چھ سو سے زائد مساجد میں جمعہ کے اجتماعات میں علماء،خطباء اورآئمہ نے لبیک یاحرمین اور لبیک یا خادم الحرمین الشریفین کی صداؤں میں لاکھوں افراد سے حرمین شریفین اور سعودی عرب کے تحفظ کرنے کا عہدلیا۔

لاہور،اسلام آباد ،ملتان، فیصل آباد،کوئٹہ ،پشاور،مظفر آباد،حیدر آباد،خانیوال، مظفرگڑھ، میر پور،،سرگودھا، گجرات، اوکاڑہ،رحیم یارخان، چکوال، بہاولنگر، لیہ، خوشاب،بھکر،گوجرانوالہ سمیت ملک بھر کے چاروں صوبوں اورآزاد کشمیر کی مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں ایک مشترکہ قرار داد کے ذریعے حرمین شریفین اور سعودی کی سلامتی و استحکام اور دفاع کیلئے حکومت پاکستان سے ہر ممکن تعاون کا مطالبہ کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستانی عوام حرمین شریفین اور سعودی عرب کی سلامتی و استحکام کیلئے جان و مال سمیت ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج ڈیرہ اسماعیل ،مولانا عبد الکریم ندیم ،خانپور،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی فیصل آباد،علامہ ایوب صفدر گوجرانوالہ،مولانا طارق مدنی کراچی،مفتی وحید احمد کوئٹہ،مولانا خلیل احمد سراج ڈیرہ اسماعیل خان،مولانا شبیر احمد عثمانی شاہکوٹ،مولانا انوار الحق مجاہد ملتان،مولانا عبد الحمید صابری اسلام آباد،مولانا نعمان حاشر راولپنڈی،پیر نعیم اللہ فاروقی ،مولانا مشتاق لاہور ،قاری احمد علی ندیم سرگودھا،مولانا شفیع قاسمی ساہیوال ،مولانا عمار بلوچ رحیم یار خان اور مولانا اشفاق پتافی نے مظفرگڑھ میں نماز جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کی طرف سے یمن کے حوثی باغیوں پر حملوں کو شرعی قرار داد دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم میں واضح طور کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ایک دوسرے پر بغاوت کردے تو ان کے ساتھ جنگ کی جائے ۔

یمنی باغیوں نے نہتے اور بے گناہ لوگوں پر حملے کئے ہیں ۔ سکولوں ،کالجوں اور مساجدکو تباہ کیا ہے اسکے بعد سعودی عرب اور حرمین شریفین پر حملے کی دھمکیاں دی ہیں جس کے نتیجہ میں یمنی حکومت کی درخواست پرسعودی عرب اور عرب اتحاد نے حوثی باغیوں کیخلاف کاروائی شروع کی ہے۔ملک بھر کی مساجد میں ایک مشترکہ قرار داد میں یمنی باغیوں پر سعودی عرب کی طرف سے حملوں کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ حوثی باغیوں اور ایک عالمی دہشتگرد تنظیم کی طرف سے حرمین شریفین اور سعودی عرب پر حملے کی مسلسل دھمکیاں یہ بات واضح کررہی ہیں کہ عالم اسلام کی دشمن قوتیں جس طرح لیبیا،شام،عراق کو تباہ کرچکی ہیں اسی طرح سعودی عرب میں آگ لگانا چاہتی ہیں لیکن عالم اسلام کے مسلمان ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے ۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامع مسجد نہر والی جلو موڑ میں ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں حرمین شریفین کے تحفظ اور سلامتی کیلئے اٹھائے جانے والے حلف کو عالم اسلام اور مسلمانوں کے دل کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو اس غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہئے کہ وہ حرمین شریفین کی سلامتی اور سعودی عرب کے امن سے کھیلنے کی کوشش کرے گا تو ملت اسلامیہ خاموش رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ یمن کا مسئلہ شیعہ سنی مسئلہ نہیں ہے ۔آج ملک بھر میں پاکستانی عوام نے ہر قسم کی فرقہ واریت ،تعصب اور مسلک سے بالاتر ہوکر حرمین شریفین کے تحفظ کا حلف لیا اٹھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو کسی بھی قسم کے دباؤ میں نہیں آنا چاہئے ۔سعودی عرب ہمارا دوست اور محسن ہے جبکہ ایران ہمارا پڑوسی ہے ۔ہماری خارجہ پالیسی کومکمل طور پر آزاد اور خودمختار ہونا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے پارلیمنٹ کی قرار داد کی وضاحت کرکے پاکستان علماء کونسل کے مطالبے کو تسلیم کیا ہے جس پر ہم انکے شکر گزار ہیں ۔ پارلیمنٹ کی قرار داد میں کچھ ابہامات موجود تھے جو وزیر اعظم کی وضاحت کے بعد دور ہوگئے ہیں ۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اعلان کیا کہ 24اپریل کو اسلام آباد میں تحفظ حرمین شریفین کانفرنس ہوگی اور پاکستان علماء کونسل کی خارجہ امور کمیٹی کی میٹنگ ہوگی جس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یوم عہد تحفظ حرمین شریفین کے موقع پر ملک بھر کی مساجد میں منظور کی جانے والی قرار داد اور لاکھوں افراد کے حلف کی یادداشت سعودی سفیر کو پیش کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :