سعودی عرب کی سا لمیت کیخلاف ہر اقدام کا سعودی عرب کیساتھ ملکر مقابلہ کرینگے،پورا پاکستان سعودی عرب کی حمایت میں یک آواز ہے،سعودی عرب کا استحکام مسلم امہ کا استحکام ہے، یمن تنازعہ کے سیاسی تصفیہ کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں ،سعودی عرب کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، سعودی قیادت نے وزیراعظم کیلئے خیرسگالی کا پیغام دیا

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 17 اپریل 2015 20:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سا لمیت کیخلاف ہر اقدام کا سعودی عرب کیساتھ ملکر مقابلہ کرینگے،پورا پاکستان سعودی عرب کی حمایت میں یک آواز ہے،سعودی عرب کا استحکام مسلم امہ کا استحکام ہے، یمن تنازعہ کے سیاسی تصفیہ کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں ،سعودی عرب کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، سعودی قیادت نے وزیراعظم کیلئے خیرسگالی کا پیغام دیا ۔

وہ جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ سعودی عرب صرف برادر ملک نہیں بلکہ اسلامی دنیا کا ایک اہم ترین رکن ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں یمن کے مسئلے پر ہر طرح کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت پر پاکستان کا ساتھ دیا اور پاکستان سعودی تعاون کو کیسے فراموش کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ یمن کے تنازعہ کے سیاسی تصفیہ کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ پارلیمنٹ کی قرارداد میں سعودی عرب کے ساتھ غیر مبہم الفاظ میں اظہار یکجہتی اور تعاون کا اعلان کیا گیا ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف واضح الفاظ میں اعلان کر چکے ہیں کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ سعودی عرب کا دورہ انتہائی کامیاب رہا اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

سعودی وزیر خارجہ سعودالفیصل اور ڈپٹی کراؤن پرنس و وزیر داخلہ محمد بن نائف بن عبدالعزیز کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل نے واضح طو رپر کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی کو کوئی طاقت زک نہیں پہنچا سکتی اور ہم یمن میں ایک قانونی حکومت کو تحفظ دینا چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ سعودی وزیر خارجہ اورڈپٹی کراؤن پرنس و وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ سعودی عرب پاکستان کو کسی مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتا اور وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کو سعودی عرب میں خوش آمدید کہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ دورے کے دوران سعودی عرب کے دونوں وزراء نے وزیراعظم محمد نواز شریف کیلئے خیرسگالی کا پیغام دیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔