سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے ملزمان پکڑنے والے ایس ایچ او کی شہادت پر دلی دکھ ہے‘حنیف چودھری

سندھ میں قاتلوں کو پکڑنے والے پولیس افسران کو موت، پنجاب میں بے گناہوں کو مارنے والی پولیس کو انعام ملتا ہے لمحہ فکریہ ہے کہ ریاست ایک فرض شناس محب وطن افسر کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی‘ چیف آرگنائزر پی اے ٹی

جمعہ 17 اپریل 2015 20:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزرحنیف چودھری نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن کراچی کے ملزمان گرفتار کرنے والے پریڈی تھانہ کراچی کے ایس ایچ او اعجاز خواجہ کی شہادت پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعہ پر دلی دکھ ہوا۔ سندھ میں بے گناہ انسانوں کے قاتلوں کو پکڑنے والوں کو موت جبکہ پنجاب میں ایسے افراد اور اہلکاروں کو انعامات اور ترقیاں ملتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست ایک ذمہ دار فرض شناس محب وطن افسر کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی ۔اعجاز خواجہ کی شہادت سندھ اور وفاقی حکومت کی ناکامی ہے۔ حنیف چودھری نے کہا کہ سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے درست کہا تھا کہ مافیاز اور جرائم پیشہ عناصر مضبوط اور ریاستی عہدیدار کمزور ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رینجرز سمیت کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے کام کرنے والی تمام فورسز کی ذمہ داری ہے کہ وہ اعجاز خواجہ کے قاتلوں کو گرفتار کر کے انہیں عبرتناک سزا دیں اور کراچی کے امن کیلئے دن رات کام کرنے والی فورس کے مورال کو جو دھچکا لگا اسے بحال کرے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت پورے ملک میں جہاں جہاں عوام کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے جرائم پیشہ عناصر ہیں کسی سیاسی تمیز کے بغیر ان کے خلاف آپریشن کیا جائے سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مجرم کے ساتھ مجرموں والا سلوک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی تشویشناک ہے کہ اسی تھانہ کا یہ تیسرا افسر ہے جو ٹارگٹ کلرز کا نشانہ بنا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اعجاز خواجہ کی شہادت پر ان کے لواحقین سے دلی افسوس کا اظہار کرتی ہے اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعاگو ہے۔

متعلقہ عنوان :