کنٹونمنٹ بلدیاتی الیکشن محکمہ تعلیم پنجاب کا عملہ نہیں چاہیے ، فیڈرل گورنمنٹ کا سٹاف تعینات کیا جائے

تحریک انصاف ضلعی صدر عبدالعلیم خان کا الیکشن کمیشن سے مطالبہ

جمعہ 17 اپریل 2015 20:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ محکمہ تعلیم پنجاب کے عملے کو کینٹ انتخابات میں سرکاری امید واروں کی حمایت اور دھاندلی کے لیے سیکرٹر ی ایجوکیشن اور ای ڈی او کی طرف سے محکما نہ طور پر بریفنگ دی جارہی ہے پی ٹی آئی لاہور کے ضلعی صدر عبدالعلیم خان نے صوبائی الیکشن کمشنر کو خط تحریر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں محکمہ تعلیم پنجاب کا عملہ نہیں چاہیے لہذا پنجاب کے سرکاری تعلیمی اداروں کی بجائے فیڈرل گورنمنٹ سے پولنگ عملہ تعینات کیا جائے ۔

بصورت دیگر تحریک انصاف احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ سرکاری سطح پر پری پو ل رگنگ کا آغاز ہوچکا ہے اور ہم حالات پر بغور نظر رکھیں ہوئے ہیں اور انشاء اللہ گڑبڑ نہیں ہونے دینگے۔

(جاری ہے)

لاہور کنٹونمنٹ کے بلدیاتی انتخابات میں کینٹ بورڈ کی وارڈنمبر2,1اور 5سے تحریک انصاف کے امید واروں محمد علی خان، چوہدری اخلاق حسین اور راجہ شہزاد نے 25اپریل کے پولنگ ڈے کیلئے خواتین کے پولنگ سٹیشنوں پر کینٹ ہی کے اسلامیہ کالج برائے خواتین سے عملے کی نعیناتی پر اعتراض داخل کردیاہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر اور ریٹرننگ آفیسر کے نام تحریری درخواست میں کہا گیا ہے کہ گورنمنٹ اسلامیہ کالج برائے خواتین لاہور کینٹ کی پرنسپل رخسانہ لطافت وفاقی وزیر کی اہلیہ غزالہ سعد رفیق کی دیرینہ دوست ہیں جن کی تعیناتی بھی وفاقی وزیر کے ایما ء پر ہی کی گئی ہے اسی طرح کینٹ کے الیکشن کیلئے شہر بھر سے عملہ منگوانے کی بجائے اسی علاقے کے کالج کی خواتین کو پرئیذائیڈنگ آفیسر اور اسسٹنٹ پریذائڈنگ آفیسر تعینات کرنے کا مقصد نواز لیگ کے امیدوار وں کیلئے دھاندلی کرناہے۔

تحریک انصاف کے امیدوار ان نے مطالبہ کیاہے کہ بالخصوص خواتین پولنگ سٹیشنوکیلئے کینٹ کے علاوہ دیگر علاقوں سے عملے کو لگایا اور خاص طور پر اسلامیہ کالج کینٹ جہاں نواز لیگ کے امیدوار شاہد علی شیخ کا انتہائی زیادہ اثرورسوخ ہے سے تعیناتی واپس لی جائے ۔ تحریک انصاف کے امید واروں نے دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ الیکشن کمشن کو درخواست دینے کے علاوہ کور کمانڈر اور سٹیشن کمانڈر لاہورسے بھی رابطہ کیاہے۔ اور اس اقدام کو دھاندلی کی مذموم کوشش قرار دیاہے۔اس علاقے سے سابق ایم پی اے شعیب صدیقی نے بھی ان الزامات کی تصدیق کرتے ہوئے فوری کاروائی کا مطالبہ کیاہے۔