قرآنی تعلیمات کو پس پشت ڈال کر قیام وطن کے مقاصد حاصل نہیں کرسکتے ،میاں مقصوداحمد

جمعہ 17 اپریل 2015 20:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی لاہورمیاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ قرآنی تعلیمات کو پس پشت ڈال کر قیام وطن کے مقاصد حاصل نہیں کر سکتے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز اپنے بیان میں کیا انھوں نے کہا کہ پاکستان جس مقاصد کے لیے حاصل کیا گیا دراصل وہ مقاصد نظریہ قرآن ہی ہیں اور قرآنی تعلیمات ہمارے لیے ہر شعبہ زندگی میں ہماری رہنمائی کرتی ہے پاکستان ایک نظریے کی بنیاد پر حاصل کیا اور جس کی خاطر ایک طویل جدوجہد کی گئی ۔

برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں نے اس نظریے کی خاطر اپنی جان ومال اور سب کچھ قربان کر دیا اور دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت کی آج ہمارے معاشرے میں بدعنوانی کا نظام قائم ہے جس میں بے شمارے مسائل موجود ہیں ان سب کا حل قرآنی تعلیمات کے اندر موجود ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہمارے حکمران عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام نظر آرہے ہیں جبکہ عوام کی جان ومال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے ریاست کو ہر حوالے سے اقدامات کرنے چاہییں اور تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت اصل سرمایہ ہے ، اس سرمائے کو نئی نسل تک منتقل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تعلیمی ادارے بچوں کو جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی اقدار اور قیام کے اغراض و مقاصد سے آگاہی ضرور دیں اور اسلامی تعلیمات سے بھی آگا ہ کریں ۔