وطن عزیز اندرونی اور بیرونی خطرات میں گھرا ہوا ہے، ایک بار پھر قیام پاکستان کے جذبوں کو زندہ کرنے کا وقت آگیا ،

ضلعی امیر جماعت اسلامی سردارظفرحسین خان

جمعہ 17 اپریل 2015 19:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) ضلعی امیر جماعت اسلامی سردارظفرحسین خان ایڈووکیٹ نے شبا ب ملی کے زیر اہتمام پی پی 61 میں یوتھ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز اس وقت اندرونی اور بیرونی خطرات میں گھرا ہوا ہے ۔آج ایک بار پھر قیام پاکستان کے جذبوں کو زندہ کرنے کا وقت آگیا ہے، پاکستان کو بچانے کے لیئے محب وطن نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اوروطن عزیز کے دشمنوں کا مل کر مقابلہ کرنا ہو گا۔

ملک کے کروڑوں عوام کو تعلیم ، صحت اور روزگار کی سہولتیں دستیاب نہیں ، پاکستان کومسائل اور بحرانوں سے نکالنے کیلئے جماعت اسلامی جیسی منظم جماعت اور امانت دار قیادت کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرے گی، ملک بھر سے بننے والے ایک کروڑ سے زائد ممبر ملک کو موجودہ گھمبیر حالات سے نکالنے اور ایک مکمل سلامی فلاحی ریاست کے قیام اور ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی جدوجہد اہم کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شباب ملی کے ضلعی صدر رانا عدنان خان ،پی پی 61کے امیر عارف علی گل ،شباب ملی کے ضلعی نائب صد ر میاں عابد ،جنرل سیکرٹری میاں شہزاد،زونل صدر حافظ زاہد عثمان ،شیخ عمر مختار،حاجی کاشف اور ضیا ء الرحمان شاہ نے بھی خطاب کیا ۔مقررین نے کہا کہ پاکستان کامقدر اسلام کے ساتھ وابستہ ہے۔یہ ملک اسلام کے نام پر بناتھا اور اسلام اور پاکستان لازم ملزوم ہے۔

جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں ایک ایسی جدوجہد شروع کی ہے جو اللہ کی سرزمین پر اللہ کے نظام کا پیش خیمہ ہوگی اور قوم کو خلافت راشدہ کا نمونہ میسر آئے گا جس میں ظلم و استحصال کی ہر شکل کو مٹا دیا جائے گا اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تکمیل پاکستان کی اس تحریک میں قیام پاکستان کے جوش و جذبے کے ساتھ جوق در جوق شرکت کریں اور دین و ملت کے خلاف دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا کر اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد نظام کی تبدیلی کی جدوجہد ہے، جماعت اسلامی کے پاس اسلام کا مکمل نظام موجود ہے اور ہم قرآن وسنت کی بالادستی ،تقویٰ،علم اور خدمت کا پیغام لے کر عوام کے سامنے آئے ہیں اور قوم کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ حقیقی تبدیلی صرف اسلامی نظا م اور دیانت دار قیادت کے ذریعے ہی ممکن ہے اور امن اور عافیت صرف اللہ کی پناہ میں ہی حاصل ہوسکتی ہے، دیانت دار اور اہل قیادت ہی پاکستان کو موجودہ سیاسی اور معاشی بحران سے نکا ل سکتی ہے،عوام کی گردنوں پر سوار جاگیردار، وڈیرے چڑھتے سورج کے پجاری ہیں جو بار بار پارٹیاں بد ل کر نئے چہروں کے ساتھ اقتدار پر قبضہ کر لیتے ہیں جب تک اقتدار کے ایوانوں پر ان ٹولوں کا قبضہ ہے ملک کے حالات تبدیل نہیں ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :