ڈاکٹر محمد ابرارالحق نے انٹو مالوجیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد کے ڈائریکٹر کا چارج سنبھال لیا

جمعہ 17 اپریل 2015 19:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) ڈاکٹر محمد ابرارالحق نے انٹو مالوجیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد کے ڈائریکٹر کا چارج سنبھال لیا ہے ۔ شعبہ کے زرعی سائنسدانوں سے اپنی ابتدائی میٹنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ نئے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تمام آفیسران تحقیقی سرگرمیوں کے ساتھ باقاعدگی سے فیلڈ وزٹ بھی کریں تاکہ مختلف فصلوں، سبزیوں اور پھلوں پر حملہ آور ہونے والے نقصان رساں کیڑوں بارے معلومات حاصل ہوتی رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے سائنسدانوں کو امسال فروری میں امرود کے باغات کے سروے کے دوران اس کے پھل پر ایک نئے کیڑے کا حملہ مشاہدہ میں آیا ہے۔یہ کیڑا پھل میں سوراخ کرکے اس کے گودا کو کھاکرفصل کی پیداوار میں نقصان کا باعث بن رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے وسیع پیمانے پر پھیلاؤ سے قبل ہی لیبارٹری میں اس کی زندگی کے مختلف مندارج پر تحقیق کر کے روک تھام کے لیے حکمت عملی وضع کریں اور کاشتکاروں کو اس کے تدارک بارے بروقت آگاہی فراہم کریں۔

میٹنگ میں ریاض احمد بھابھہ نے بتایا کہ اگیتی کپاس اور چارہ جات پر لشکری سنڈی کا حملہ نوٹ کیا گیا ہے اوراس کی سنڈیاں کھالوں اوروٹوں پر اگی ہوئی جڑی بوٹیوں پربھی موجودہیں۔میٹنگ کے اختتام پر جاری اعلامیہ میں انٹومالوجیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سائنسدانوں نے کاشتکاروں کو سفارش کی ہے کہ وہ اپنی اگیتی کپاس پر نظر رکھیں ، جڑ ی بوٹیوں کی تلفی کے لیے کھالوں اور وٹوں کی صفائی کریں ، کھیتوں کی گوڈی کریں ا ور خالی کھیتوں میں روٹا ویٹر چلائیں۔

کپاس کے جن پودوں پر لشکری سنڈی کے انڈے اور چھوٹی سنڈیاں نظر آئیں تو ان پتوں کو توڑ کر تلف کردیں تاکہ اس کا حملہ پورے کھیت میں نہ پھیلے ۔لشکری سنڈی کا حملہ پورے کھیت میں پھیلنے کا خطرہ ہو تو اس کے بروقت خاتمہ کے لیے ایمامیکئن 1.9ای سی بحساب 250ملی لٹر فی 100لٹرپانی یا لی فینتھیوران 50ای سی بحساب 200ملی لٹر پانی 100لٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں ۔ تھرپس اورلشکری سنڈی دونوں کا حملہ ہونے کی صورت میں سپائنوسڈ 240ایس سی بحساب 60ملی لٹر فی 100لٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں۔

متعلقہ عنوان :