حکومت نے پی آئی اے کی بحالی کے لئے 16 ارب روپے کا بیل آوٴٹ پیکیج دیا ہے  وزیر اعظم

ملازمین قومی ایئر لائن کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں طیاروں کی خریداری کے لئے ڈیڑھ کروڑ ڈالرز دے جائیں گے  نوازشریف کی ایئر لیگ یونین کے عہدیداران سے گفتگو

جمعہ 17 اپریل 2015 19:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے پی آئی اے کی بحالی کے لئے 16 ارب روپے کا بیل آوٴٹ پیکیج دیا ہے  ملازمین قومی ایئر لائن کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں طیاروں کی خریداری کے لئے ڈیڑھ کروڑ ڈالرز دے جائیں گے۔ وہ پی آئی اے کی ایئر لیگز یونین کے عہدیداران سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے جمعہ کو یہاں پی ایم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر مشاہد الله خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں محمد شمیم اکمل خان، ناصر مہدی جنجوعہ، محمد عثمان خان، ندیم رضا، ندیم شاہ، محمد رحمان بٹ، بابر سانگی، شیر امان، ارشد محمود، شاہد قریشی، وقاص نذیر، محمد لطیف خان، محمد ندیم قریشی، محمد ماجد رفیق، ڈاکٹر وقار علی نوشیر، میاں خدا دینو، راجہ آصف نوید، محمد حفیظ، احمد سلیم، محمد کامران، سعدیہ سنبل بٹ، ملکہ احمد، راحت اقبال، شبیر احمد، گوہر منیر، مبشر حسین، ضیغم سجاد، محمود علی، کلیم الله، محمد ایوب، جہانگیر خان، عبدالباقی، شازیہ آفریدی، مسرت سلطانہ، علی الحق، محمد ساجد اقبال، افتخار احمد، نسیم بابر، سعیدہ ثروت، یاسمین جبین، سنبل عارف اور مریم ڈار شامل تھیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ملازمین پر زور دیا کہ پی آئی اے کو ترقی دینے کے لئے ہم آہنگی کے ساتھ سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے، پی آئی اے بحالی کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک بڑے شراکت دار کی حیثیت سے پی آئی اے کی ترقی کے مقصد کے حصول کے لئے ہمیشہ پرعزم رہے گی۔ پی آئی اے کے ہر ملازم کو قومی ایئر لائن کی تنظیم نو کی پالیسی میں حکومت کا ساتھ دینا چاہئے تاکہ اسے منافع بخش ادارہ بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے کو اپنے بیڑے میں ڈرائی لیز پر 15 طیارے شامل کرنے کیلئے 15 ملین ڈالر فراہم کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بیل آؤٹ پیکیج کے لئے بھی قومی خزانے سے پی آئی اے کو 16 ارب روپے دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کراچی میں پی آئی اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کریں گے اور قومی ایئر لائن کے تشخص و اس کی سروس میں بہتری اور نقصانات میں کمی لانے کے سلسلے میں تفصیلی پریزنٹیشن لیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ایئر لیگ پی آئی اے کے 8 ہزار سے زائد ملازمین کی نمائندہ تنظیم ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے ایئر لیگ کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ پی آئی اے کی بہتری کے لئے کام کرے گی۔ یونین کے عہدیداران نے پی آئی اے سے متعلق مختلف امور کے بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کیا اور بہتری کے لئے تجاویز پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :