پی ٹی آئی حقیقی طور پر میرٹ کی بالا دستی اورغریب لوگوں کی حالت زار بہتر بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی،امجدعلی خان

جمعہ 17 اپریل 2015 19:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے قانون سازی کے ذریعے ایسا موثربلدیاتی نظام وضع کیاہے جس کی بدولت نہ صرف عوام کے دیرینہ مسائل انکی دہلیز پر حل ہوں گے بلکہ غریب لوگوں کو ترقی کے عمل میں اپنا کردار اداکرنے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

پشاور میں اپنے حلقہ پی کے۔82کے عوامی نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر امجدعلی نے کہا کہ دیانتدار ،محب وطن اور مخلص لوگ ہی عوام کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں اس لئے توقع ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران ان لوگوں کو نمائندگی کا حق دیں گے جودل میں خدمت خلق کی تڑپ رکھتے ہوں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی بہتر کارکردگی اور تحریک انصاف کی عوام دوست پالیسیوں کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف عوام میں مقبولیت حاصل کر چکی ہے پھر بھی پی ٹی آئی حقیقی طور پر میرٹ کی بالا دستی اورغریب لوگوں کی حالت زار بہتر بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 60سال کے طویل عرصہ میں قوم کا ترقی کی منزل کی جانب گامز ن نہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمرانوں نے اخلاص کے ساتھ بہتر منصوبہ بندی نہیں کی جس کے باعث آج عوام کو قدم قدم پر مسائل کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ وہ ا پنے حلقہ کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے تمام تر توانائیاں صرف کر رہے ہیں اور خطیر رقوم سے بجلی،پانی،صحت اور تعلیم کے شروع کئے گئے منصوبے اس کا عملی ثبوت ہیں۔

متعلقہ عنوان :