رائیونڈ ماڈل بازارکے سپروائزرکی چیرہ دستیوں اور غنڈہ گردی کے خلاف سٹال ہولڈروں کا احتجاج تیسرے دن بھی جاری

جمعہ 17 اپریل 2015 18:38

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) رائیونڈ ماڈل بازارکے سپروائزرکی چیرہ دستیوں اور غنڈہ گردی کے خلاف سٹال ہولڈروں کا احتجاج تیسرے دن بھی جاری رہا ،ڈی سی او کا مبینہ چہیتا سپروائزر غریب سٹال ہولڈروں کیلئے چنگیز خان بن گیا ۔ متاثرین شیخ محمد ایوب ،مہر سلامت علی ،منیر احمد کیپٹن ،شیخ محمدآصف ،نور الٰہی راجہ ،محمد فیاض ،عاشق پٹواری ،رانا عمران وغیرہ نے کہا کہ جب تک سپروائز کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی احتجاج جاری رکھیں گے ۔

منیجر ماڈل بازار اور کوآرڈی نیٹر بے بس ہوکر رہ گئے ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے ماڈل بازار بنایا لیکن یہاں کا سرکاری ملازم سپروائزر محمد شاہد سٹال ہولڈروں کی خدمت کرنے کی بجائے ان کیلئے درد سر بنا ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

سپروائزر محمد شاہد کے متعلق احتجاج کرنے والے درجنوں سٹال ہولڈروں نے بتایا کہ مذکورہ سپروائزر اپنے عملہ سے صفائی کروانے کی بجائے سٹال ہولڈروں سے زبردستی صفائی کرواتا ہے ۔

جبکہ اس سے پوچھنے والوں کے خوامخواہ کے چالان کردیتا ہے ۔ان سے انتہائی بدزبانی کرتا ہے اور آتے جاتے بدمعاشوں کی طرح گھورتا رہتا ہے جبکہ سپروائزر محمد شاہد کا ساتھی سپروائزرمحمد وقاص بھی سٹال ہولڈروں کو تنگ کرنے میں پیش پیش ہے ۔متاثرین نے بتایا کہ دونوں سپروائزر خریداروں کے موٹر سا ئیکلوں سے ہوا نکال دیتے ہیں ۔محمد شاہد کا سٹال ہولڈروں سے رویہ انتہائی ہتک آمیز ہے ۔

سٹال ہولڈروں نے کہا کہ مذکورہ سپروائزر نے ماڈل بازار کو ناکام اور حکومت کو بدنام کرنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے ۔ متاثرین نے بتایا کہ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کوآرڈی نیٹر ماڈل بازار ملک طارق ہمایوں کھوکھر کے سامنے بھی شکایات پیش کیں لیکن بااثر سپروائزر جو خود کو ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان کا منظور نظر قرار دیتا ہے ۔اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوسکی ۔

اس سلسلے میں متاثرین نے ڈی سی او لاہور کے دفتر کے باہر احتجاج کیا ہے ۔اس سلسلے میں منیجر ماڈل بازار میاں عامر نے کہا کہ سپروائزر محمد شاہد کی شکایات ملتی رہتی ہیں، جس کی رپورٹ ڈی سی او آفس بھجوا دی ہے ۔چیئرمین ماڈل بازار پنجاب ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے صورت حال کی اطلاع پا کر تحقیقات کرنے کی یقین دھانی کروائی ہے ۔اپنے بیان میں کہا ہے کہ ماڈل بازار کی انتظامیہ سٹال ہولڈروں اورصارفین کی سہولیات کیلئے مامور ہے وہ اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :