مسلم لیگ ق یوتھ ونگ اور انجمن طلبہ اسلام کے راہنماؤں کی ملاقات ،یمن ،ملکی اور بین الااقوامی پر تبادلہ خیال

جمعہ 17 اپریل 2015 18:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) پاکستان مسلم لیگ ق یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے گذشتہ روز وفدکے ہمراہ انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی رہنما محمد اکرم رضوی کی خصوصی دعوت پراے ٹی آئی کے صوبائی سیکریڑیٹ ایوان خیر کا دورہ کیا ۔اور انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی رہنما محمد اکرم رضوی سے ون ٹو ون ملاقات کی ۔ملاقات میں مشرق وسطی ،یمن ،ملکی اور بین الااقوامی حالات اور ملک و قوم کو درپیش مسائل پربھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،ملاقات میں کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے لیے ملک گیر مہم چلانے ،چاروں صوبوں میں کالاباغ ڈیم کی حمایت میں سیمینارز منعقد کروانے ، کالاباغ ڈیم کی اہمیت و افادیت پر مبنی لٹریچر شائع کر کے ملک بھر میں تقسیم کرنے اور نئے آبی ذخائر کی تعمیر کے لیے حکمرانوں پر دباؤ ڈالنے کا بھی فیصلہ کیا گیا،ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کی مخالفت ملک دشمنی کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

کیونکہ کالاباغ ڈیم پاکستان کی لائف لائن ہے، نئے آبی ذخائر کے بغیر توانائی کا بحران ختم نہیں ہو سکتا۔ بھارت پاکستان کی طرف بہنے والے دریاؤں پر ڈیمز بنا کر آبی دہشت گردی کر رہا ہے۔ بھارت پاکستان کے حصے کے پانی پر قبضہ کر کے پاکستان کو شاہراہ بنانا چاہتا ہے اس لیے حکومت بھارتی آبی جارحیت کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائے اور اقوام متحدہ بھارتی آبی جارحیت کا نوٹس لے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں نئے ڈیمز بنا کر سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچا اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے اس لیے حکومت نئے آبی ذخائر کی تعمیر کو اپنی پہلی ترجیح بنائے،دونوں راہنماؤں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے 3600میگاواٹ اڑھائی روپے والی سستی بجلی سسٹم میں داخل ہوگی، زرعی ضروریات کے لیے دریاؤں میں سارا سال پانی دستیاب رہے گا ،زراعت ترقی کرے گی تو صنعتوں کو وافر خام مال مہیا ہوگی اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگی توانائی بحران کا خاتمہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر میں مضمر ہے ۔

متعلقہ عنوان :