8بجے کے بعد کاروباری ادارے بند کرنے سے تاجربرادری متاثر ہوگی،شہزاد خان

جمعہ 17 اپریل 2015 18:27

لاہو ر( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) مسلم لیگ تاجر ونگ پنجاب کے جوائینٹ سیکرٹری شہزاد خان نے کہا ہے کہ 8بجے کے بعد کاروباری ادارے بند کرنے سے تاجربرادری متاثر ہوگی ۔سخت گرمیوں میں کاروبار بعد ازدوپہر ہی شروع ہوتا ہے 8بجے دوکانیں بند ہونے سے کاروباری طبقہ مالی مشکلات کا شکار ہوگا انہوں نے کہا کہ صرف اسلام آباد اور پنجاب میں 8بجے کے بعد کاروبار بند جبکہ دیگر صوبوں میں جاری رہنے سے پنجاب کے تاجروں کا استحصال ہوگا ۔

پنجاب نے اپنا وزیراعظم اس لیے منتخب نہیں کیا تھا کہ وہ پنجاب کے تاجروں کے خلاف فیصلے کرے اور پنجاب کی تاجر برادری کے کاروبار پر ڈرون حملے کرے۔وزیراعظم کو ایسا کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہیے جو تاجر برادری کے خلاف ہو یا جس کا نفاذ صرف پنجاب میں کیا جائے کیا دوسرے صوبے پاکستان کا حصہ نہیں کہ انہیں اس فیصلے سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے یا یہ کہ وزیراعظم کی رٹ ان صوبوں میں نہیں چلتی۔

(جاری ہے)

؟شہزاد خاں نے کہا کہ پنجاب کے ساتھ سوتیلا سلوک بند کیا جائے ۔ مسلم لیگ بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث کاروباری حضرات کی مجبوریاں سمجھتی ہے مسلم لیگ تاجروں و کاروباری طبقہ کے ساتھ ہے انہوں نے کہا کہ کاروباری ادارے اور مراکز 8بجے شام بند کرنے کا فیصلہ ملکی ترقی نہیں بلکہ تنزلی کا باعث بنے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری مراکز بند کروانے کی بجائے توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات کرے ۔ حکومت اپنے ذمہ گردشی قرضوں کی پاور کمپنیوں کو فوری ادائیگی کرے تاکہ وہ اپنی پوری پیداواری صلاحیت سے کام کرکے ملک کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلائیں۔یا عوامی مطالبہ پر کالا باغ ڈیم منصوبہ شرو ع کرے تاکہ لوڈ شیڈنگ کا عذاب ختم ہوسکے۔