سٹاف کی مسلسل محنت اوردیانت سے اداروں کی کارکردگی میں اضافہ ہوتاہے ، پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ اللہ

جمعہ 17 اپریل 2015 18:07

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء )خیبرمیڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو) پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ اللہ نے کہاہے کہ سٹاف کی مسلسل محنت اوردیانت سے نہ صرف اداروں کی کارکردگی میں اضافہ ہوتاہے بلکہ یہ فلاح اخروی کے حصول کا ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی کے مختلف درجات کے ملازمین کے لئے منعقد ہونے والی تین روزہ ٹریننگ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹاف کی محنت اور ایمانداری سے مختصر عرصے میں کے ایم یو کا شمار ملک کی قابل ذکر جامعات میں ہونے لگاہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی پابندی، ڈسپلن اور دیانتداری ایسے ہتھیار ہیں جن سے مسلح ہوکر کوئی بھی قوم ترقی کے زینے طے کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر حفیظ اللہ نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ کے ایم یو میں تعینات ہونے والا سٹاف اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں پر مشتمل ہے جن کی محنت کے نتیجے میں یونیورسٹی دن دوگنی رات چوگنی ترقی کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل محنت اور انتھک خدمت کے ایم یو سٹاف کا طرہ امتیاز ہونا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ تین روزہ ٹریننگ ورکشاپس کی طر زپر سٹاف کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لئے مزید سرگرمیوں کو بھی فروغ دیاجائے گا۔ انہوں نے اس ورکشاپ کے انعقاد پر یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر فضل محمود اور ڈپٹی رجسٹرار سید حفیظ احمد کی دلچسپی اور جذبے کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ان کی جانب سے یونیورسٹی سٹاف کے لئے مختلف شعبوں میں تربیت کاسلسلہ آئیندہ بھی جاری رکھاجائے گا۔

پروفیسر حفیظ اللہ نے کہا کہ کے ایم یو میں روایتی اور فرسودہ فائلنگ نظام کی بجائے عنقریب جدید ای فائلنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا جس کے نتیجے میں جہاں شفافیت اورمیرٹ کو یقینی بنانے میں مدد مل سکے گی وہاں اس جدید اور سمارٹ نظام سے لوگوں کی بہتر خدمت کی نئی راہیں بھی کھلیں گے۔