کوہاٹ میں سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران اشہاریوں سمیت55مشتبہ افراد گرفتار

جمعہ 17 اپریل 2015 18:05

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء )کوہاٹ کے حساس علاقے سے تین مشکوک کار سواروں کوحراست میں لیا گیا جبکہ آپریشن میں9مطلوب اشتہاریوں اور 43مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس نے مشکوک گاڑی اور ناجائز اسلحہ و منشیات کی بھاری کھیپ قبضے میں لیکر مقدمات قائم کر دئیے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی(کے ڈی اے)کے حساس علاقے میں کار سوارافراد کی مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع پر فوری کاروائی کرتے ہوئے مقامی پولیس نے تعاقب کے بعد تین افراد کو گاڑی سمیت گرفتار کر لیاتاہم بعد ازاں تحقیقات اورتسلی کے بعد ان افراد کو رہا کر دیا گیاجبکہ انکی موٹر کار کو مشکوک جان کررجسٹریشن دستاویزات کی چھان بین کی غرض سے تحویل میں لیا گیا ہے۔

دریں اثناء کوہاٹ شہر کے مختلف حصوں میں سنگین مقدمات میں نامزدگی کے بعدعرصہ دراز سے روپوش اشتہاریوں کو قانون کی گرفت میں لانے اور جرائم پیشہ سرگرمیوں کے انسداد کیلئے جاری سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں مزید تیزی لاتے ہوئے پولیس اور ایلیٹ فورس کی چھاپہ مار ٹیموں نے ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں مشترکہ کاروائیوں کے دوران اغواء برائے تاوان اور قتل سمیت سنگین نوعیت کی وارداتوں میں مطلوب 9 اشتہاری مجرمان اور 43 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر تین کلاشنکوف،چار ریپیٹر،سات بندوق،دس پستول سینکڑوں کارتوس ،آٹھ کلو گرام چرس اور پانچ بوتل شراب برآمد کر لئے۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ آپریشن میں پولیس نے حساس علاقوں میں واقع تعلیمی اداروں ،سٹوڈنٹس ہاسٹلوں،ہوٹلوں ،مسافر خانوں اور کرایہ کے گھروں کو بھی چیک کیا اور مقامی پولیس کو اطلاع دئیے بغیر کرایہ پر مکان دینے والے تین افراد کے خلاف مقدمات قائم کر دئیے گئے۔