لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے،سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر

جمعہ 17 اپریل 2015 18:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے ۔وہ گاؤں وڈپگہ میں ملک سید شاہ فیصل حسین کے حجرہ میں ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس میں ملک سید شاہ فیصل حسین نے اپنے خاندان اور رفقاء سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور سپیکر اسد قیصر کی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

قومی اسمبلی کے رکن ساجد نواز‘ ایم پی اے ارباب جہانداد خان‘ سید بری سلطان علی شاہ‘ سید اشفاق علی شاہ‘ میر دراز علی شاہ‘ آغا سید سلیمان شاہ بادشاہ‘ فضل سبحان‘ حاجی عامر خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کے حل اور اس پر تبادلہ خیال کیلئے انہوں نے منگل21اپریل کو اسمبلی سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطحی ایک اجلاس طلب کیا ہے جس میں شرکت کیلئے صوبائی اسمبلی میں موجود تمام جماعتوں کے پارلیمانی قائدین کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کسی ایک جماعت کا مسئلہ ہے اور اس بارے میں اسمبلی میں موجود تمام پارلیمانی جماعتوں کو محض مشورے کیلئے طلب کیا ہے تاکہ لوڈ شیڈنگ کے مسئلے سے عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف دی جاسکے۔

سپیکر اسد قیصر نے واضح کیا کہ اراکین اسمبلی نے اپنے زیادہ سے زیادہ فنڈز واپڈا کے پاس جمع کرائے ہیں مگر دوسری جانب واپڈا کی جانب سے اراکین اسمبلی کی ضروریات پوری نہیں ہو رہی ہیں اور اس بارے میں اراکین اسمبلی آئے روز ان سے رابطے اور شکایات کرتے ہیں اور اس بارے میں اسمبلی میں بھی بحث ہوچکی ہے جس کے باعث انہوں نے اکیس اپریل کو پارلیمانی قائدین کا یہ اجلاس طلب کیا ہے انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

سپیکر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا بنیادی مقصد عوام کو طاقتور کرنا ہے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے انہوں نے کہا کہ دو سالوں میں اراکین اسمبلی پر کرپشن و بدعنوانی کا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کو زرعی اعتبار سے خود کفیل بنانے کیلئے موثر اور انتہائی دور رس اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس مقصد کیلئے کسانوں کوفصلوں کے تخم مفت جبکہ کھاد اورزرعی ادویات نصف قیمت پر دی جائیں گی۔

قبل ازیں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں عوام کو مختلف سہانے وعدوں اور دلکش نعروں سے بہلایا گیا مگر عوام کو ابھی تک انہی بنیادی مسائل کا سامنا ہے جس کے باعث عوام نے پی ٹی آئی کے انقلابی پروگرام سے متاثر ہو کر اس جماعت میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔

متعلقہ عنوان :