پہلا یکجہتی بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل پشاور بلائنڈ کرکٹ کلب نے جیت لیا

سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے آرگنائزرز کیلئے پچاس ہزار روپے کا اعلان کیااور کھلاڑیوں کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے دس روز کے اندر اندر متعلقہ عہدیداران کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کی یقین دہانی کرائی،سپیکر اسد قیصر

جمعہ 17 اپریل 2015 17:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) پہلا یکجہتی بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ 2015کا فائنل پشاور بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے 8وکٹوں سے جیت لیا۔ فائنل میچ میں اسلام آباد کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔فائنل تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر تھے۔پشاور کرکٹ کلب بلائنڈ کے زیر اہتمام منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل ارباب نیازکرکٹ سٹیڈیم پشاور میں کھیلا گیا ۔

فائنل میچ میں گزشتہ روز پشاور بلائنڈ ٹیم نے ٹاس جیت پہلے اسلام آباد بلائنڈ ٹیم کو کھیلنے کی دعوت دی جنہوں نے مقررہ 20اوورز میں 214 رنز کا ہدف پشاور ٹیم کو دیا۔ اسلا م آباد ٹیم کی جانب سے قومی ٹیم و اسلام آباد ٹیم کے کپتان انیس جاوید نے 84 اور بی ون کیٹیگری کے اسامہ نے 34 رنز بنائے ۔ پشاور کی طرف سے باؤلنگ میں صرف خالد زبیر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیاجبکہ دیگر تمام کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے ۔

(جاری ہے)

جواب میں پشاور بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے مطلوبہ ہدف 14.1 اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ پشاور کی طرف سے محمد ہارون نے شاندار ایننگ کھیلتے ہوئے 124ناٹ آؤٹ ، محسن خان 27اور جواد احمد 26رنز بنا کرنمایاں بلے باز رہے ۔ اسلام آباد ٹیم کی جانب سے ذیشان اور اسامہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ میچ کے بہترین کھلاڑی و ہیرو ہارون خان رہے ۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر تھے ۔

جبکہ انکے ہمراہ سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی فرح حامد ، ورلڈ وا پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ ، پشاورڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن بلائنڈ کے صدر جاوید خان ، سیکرٹری حبیب اللہ اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ ٹورنامنٹ کا بہترین پرفارمنس دینے والے کھلاڑیوں میں بی ون کیٹیگری میں جواد علی (پشاور)، بی ٹو کیٹیگری میں بدر منیر (اوکاڑہ) ، بی تھری کیٹیگری میں مسعود جان (پشاور) اور بیسٹ وکٹ کیپر آف دی ٹورنامنٹ بھی مسعود جان قرار پائے ۔

آخر میں مہمان خصوصی نے کھلاڑی اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہاکہ دس روز کے اندر مشیر کھیل امجدآفریدی ، ویلفیئر اور دیگر عہدیداران کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں بلائنڈکھلاڑیوں کو درپیش بنیادی مسائل پر بات ہوگی اور حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائینگے ۔ اس موقع پر آرگنائزنگ کمیٹی کیلئے پچاس ہزار روپے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلائنڈ کھلاڑی ہمارے خاص کھلاڑی ہیں ان کو ناامید نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان بلائنڈ قومی ٹیم اب تک 13انٹرنیشنل سیریز میں 11میں بڑے مارجن کے ساتھ کامیابی حاصل کرکی ہے ۔اس موقع پر سیکرٹری حبیب اللہ نے حکومت سے بلائنڈ کھلاڑیوں کیلئے نوکریوں کے کوٹہ میں اضافہ اور سالانہ سپورٹس ایونٹس و کلنڈر میں بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد اور کھلاڑیوں کیلئے گراؤنڈ نہ ہونے کی وجہ سے گراؤنڈ بنایا جائے۔