چینی صدر کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہیں ‘ملک میں کاروباری و معاشی ترقی کا نیا باب شروع ہو گا،چینی صدر کے دورہ کے موقع پر پاکستان میں 46ارب ڈالر کے توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کا آغاز متوقع ہے

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری

جمعہ 17 اپریل 2015 17:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے چین کے صدر ژی جن پنگ کی طرف سے 20اپریل 2015سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ پاکستان کیلئے انتہائی اہم ثابت ہو گا کیونکہ اس سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اور تاجر برادری کیلئے کاروبار و سرمایہ کاری کے بے شمار نئے مواقع پیدا ہوں گے ،چینی صدر کے دورہ کے موقع پر پاکستان میں 46ارب ڈالر کے توانائی اور انفراسٹریکچر کے منصوبوں کا آغاز متوقع ہے جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بیشمار مواقع پیدا ہوں گے اور ملک میں اقتصادی ترقی کا ایک نیا باب شروع ہو گا۔

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 2000میل پر مشتمل پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت گوادر پورٹ کو مغربی چین کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے سڑکوں ا و ر ر یلوے کا چال بچھانے کے علاوہ بہت سے توانائی منصوبوں کا سلسلہ شروع ہو گاجس سے کاروبار و سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف پاکستان میں ترقی کی رفتار تیز ہو گی بلکہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس سے خطے میں علاقائی تعاون کو بھی بہتر فروغ ملے گا۔

مزمل صابری نے کہا کہ توانائی کا بحران اس وقت پاکستان کا ایک قومی مسئلہ ہے جس کی وجہ سے صنعت و تجارت کو بھی بہت نقصان پہنچا ہے جبکہ معیشت کی ترقی کی رفتار متاثر ہوئی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت پاکستان میں 2018تک 10ہزار 4سو میگاواٹ اور 2018کے بعد 6ہزار 6سو میگاواٹ بجلی کا اضافہ کرنے کا پلان بنایا گیا ہے جس کی تکمیل سے صنعتوں کو بلا تعطل بجلی فراہم ہو گی اور ملک کی پیداوار، تجارت اور برآمدات کو بھی بہتر فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ راہداری منصوبے کے تحت چین نے پاکستان کے توانائی شعبے میں 34ارب ڈالر اور انفراسٹریکچر کی ترقی میں 12ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے جس سے کاروبار کی پائیدار ترقی کیلئے راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے مکمل ہونے سے اس خطے میں 3ارب صارفین پر مشتمل مضبوط اقتصادی بلاک بھی پیدا ہو گا جس سے کاروبار کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ عوام کا معیار زندگی بہتر ہونے کے عمدہ امکانات پائے جاتے ہیں۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ تاجر برادری حکومت کی ان کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جن کے تحت ملک میں اتنے بڑے منصوبے شروع ہونے کی امید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری ایسی کوششوں میں حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی تا کہ ملکی معیشت کو مشکلات سے نکال کر پائیدار اقتصادی ترقی کے راستے پر ڈالا جا سکے اور ملک سے غربت و بیروزگاری کا خاتمہ کیا جا سکے۔