یوتھ ٹریننگ پروگرام کے تحت سالانہ50 ہزار طلبہ کو تربیت دی جائیگی ، وزیراعظم نوجوانوں کو معاشی طور پر خود مختار بناناچاہتے ہیں ، لیپ ٹاپ سکیم پر تنقید کرنے والے خود اپنے صوبوں میں ایسے منصوبے شروع کرنے پر غور کررہے ہیں ،گی، طلباء اور نئی نسل سے رابطہ قائم رہے گا ،عوام کی خدمت کیلئے کسی عہدے کی ضرورت نہیں ، مہنگائی کی شرح گزشتہ دس سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے ، لوڈ شیڈنگ پر جلد قابو پا لیا جائیگا، حکومت کی بہترپالیسیوں کے باعث قومی معیشت بحال ہورہی ہے

مسلم لیگ (ن) کی رہنما اوروزیراعظم کی صاحبزادی مریم نوازکا وزیراعظم ہنر مند پروگرام کی تقریب سے خطاب

جمعہ 17 اپریل 2015 17:32

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) مسلم لیگ (ن) کی رہنما وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت کی لیپ ٹاپ سکیم پر تنقید کرنے والے آج خود اپنے صوبوں میں اسطرح کے منصوبے شروع کرنے کا سوچ رہے ہیں ، وزیراعظم کی بھرپور کوشش ہے کہ نوجوانوں کو معاشی طور پر خود مختار بنایا جائے ، یوتھ ٹریننگ پروگرام شروع کیا جارہا ہے جس کے تحت 50 ہزار طلباء کو سالانہ تربیت دی جائے گی، طلباء اور نئی نسل سے رابطہ قائم رہے گا ،عوام کی خدمت کیلئے مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں ، مہنگائی کی شرح گزشتہ دس سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے ، لوڈ شیڈنگ پر جلد قابو پا لیا جائے گا، موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت بحال ہورہی ہے ۔

وہ جمعہ کو یہاں وزیراعظم ہنر مند پروگرام کی تقریب سے خطاب کررہی تھیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مریم نواز نے تربیت مکمل کرنیوالے طلباء میں اسناد بھی تقسیم کیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم ہنر مند پروگرام کے تحت 25 ہزار بچے بچیوں نے تربیت حاصل کی ہے ، اگر میرا یا وزیراعظم کا بس چلے تو یہ تعداد 25 لاکھ ہو ، انشاء ایک دن ایسا ضرور ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ ملکی معیشت ڈوب رہی تھی دنیا بھر میں پاکستان کو ناکام ریاست کہا جارہا تھا ۔ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ موجودہ حکومت نے حالات بدل دیئے ہیں ۔ وزیراعظم کا خواب ہے کہ نوجوان اپنے خاندانوں کا بوجھ اٹھانے کے قابل ہو جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آپریشن ضرب عضب جاری ہے او ربجلی کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے، لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا ۔

حکومت لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب (ن) لیگی حکومت آئی تو حالات بہت خراب تھے جن کے بہتر ہونے میں کچھ وقت لگے گا ، مجھے یہ سن کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ ملک میں مہنگائی میں کمی ہوئی ہے ، گھی سبزیاں اور دیگر اشیائے خورد و نوش سستی ہوئی ہیں ، گزشتہ دس سالوں میں مہنگائی کی شرح کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے انتخابی مہم کے دوران نوجوانوں کو قرضہ دینے کا اعلان کیا تھا ، سکیم کا مقصد نوجوانوں کو تربیت دے کر روز گار فراہم کرنا ہے ۔ وزیراعظم کی بھرپور کوشش ہے کہ نوجوانوں کو معاشی طور پر خود مختار بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ ٹریننگ پروگرام شروع کیا جارہا ہے جس کے تحت 50 طلباء کو سالانہ تربیت دی جائے گی اور طالب علم کو ماہانہ 12 ہزار روپے دیئے جائیں گے ۔

قبائلی علاقوں میں دوران تربیت 3 ہزار روپے وظیفہ مقرر کردیا گیا ہے ۔ مدارس میں تعلیم حاصل کرنیوالے طلباء کیلئے بھی پروگرام شروع کیا جارہا ہے ۔ حکومت کی طرف سے طلباء کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا پروگرام رواں سال بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت بحال ہورہی ہے ۔ مریم نواز نے کہا کہ ملک کے نوجونواں کی خدمت کرنا میرے لئے باعث فخر ہے ۔ طلباء اور نئی نسل سے رابطہ قائم رہے گا ، عوامی خدمت کیلئے مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں ۔

متعلقہ عنوان :