کوارنٹائن ریٹس میں اضافہ سے لائیوسٹاک برآمدات بْری طرح متاثر ہونگی، اضافہ فی الفور واپس لیا جائے ‘ لاہور چیمبر

بھارت میں کوارنٹائن کے کوئی چارجز نہیں ،پاکستان میں یہ چارجز مزید بڑھا دئے گئے ہیں جس سے مسابقت کا عمل متاثر ہوگا‘ اعجاز اے ممتاز

جمعہ 17 اپریل 2015 17:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ کوارنٹائن ریٹس میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے کیونکہ اس سے لائیوسٹاک برآمدات بْری طرح متاثر ہونگی۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ بھارت میں کوارنٹائن کے کوئی چارجز نہیں جبکہ پاکستان میں یہ چارجز مزید بڑھا دئے گئے ہیں جس سے مسابقت کا عمل متاثر ہوگا۔

اعجاز اے ممتاز نے کہا نو سال کے وقفے کے بعد 2013ء میں لائیوسٹاک کی برآمد شروع ہوئی تھی لیکن 31مارچ 2015ء کو جاری کیے گئے ایس آر او کی وجہ سے یہ برآمدات شدید متاثر ہونگی۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ پاکستان کا لائیوسٹاک سیکٹرملک کی ترقی و خوشحالی میں بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے اور فوڈ سکیورٹی کو یقینی بناسکتا ہے لہذا ضروری ہے کہ اس شعبے کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولٹری سیکٹر بھی زرعی شعبے کا بہت اہم حصہ ہے، سال 2013-14ء کے دوران جی ڈی پی میں اس کا حصہ 1.3فیصد رہا جبکہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کا حجم 700ارب روپے سے تجاوز کرچکا ہے۔ اعجاز اے ممتاز ے کہا کہ لائیوسٹاک سیکٹر کی اہمیت کا ادراک کرتے ہوئے حکومت کو اس کے تحفظ ، ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی اقدامات اٹھانا چاہئیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ کوارنٹائن ریٹس میں اضافہ فوری طور پر واپس لے جس سے لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :