نئے کاروباری افراد کی تربیت کے لئے پی آئی ٹی بی کے ساتھ سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ‘ڈاکٹر عمر سیف

نیسلے کمپنی پاکستان میں انٹر پریونر شپ کے حوالے سے اہم منصوبے شروع کرنا چاہتی ہے، پی آئی ٹی بی ایک بہتر پارٹنر ہو سکتا ہے۔ایم ڈی نیسلے مگڈی بٹاٹو

جمعہ 17 اپریل 2015 17:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پلان9 پاکستان کا پہلا اور سب سے بڑا سٹارٹ اپ انکو بیٹر پروگرام ہے جو اب تک نجی سیکٹر میں 66سے زائد نئی کاروباری کمپنیاں تیار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے استفادہ کے خواہشمند بے روزگارنوجوانوں کی تعداد کافی زیادہ ہے لیکن ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں لہٰذا مقامی و بین الاقوامی پرائیویٹ کمپنیوں کو دعوت دی جاتی ہے کہ ان کے لئے اس شعبے میں پی آئی ٹی بی کے ساتھ سرمایہ کاری کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

وہ گذشتہ روز اپنے دفتر میں نیسلے پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر مسٹر مگڈی بٹاٹو کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈائریکٹر پلان9نبیل قدیر اور نیسلے کی کمیونیکشن ہیڈ مس سمرہ مقبول بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ نیسلے زرعی و لائیو سٹاک سیکٹر میں پہلے ہی کام کر رہا ہے جبکہ پی آئی ٹی بی کے پاس پنجاب کے دس لاکھ سے زائد کسانوں کا کارآمد ڈیٹا موجو د ہے۔

اس طرح دونوں ادارے ملکر ان شعبوں میں باہمی دلچسپی کے متعدد منصوبے شروع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی ٹی بی اس حوالے سے مکمل معاونت فراہم کرے گا۔ مسٹر مگڈی نے کہا کہ ان کا ادارہ پاکستان میں انٹر پریونرشپ کے حوالے سے منصوبے شروع کرنے میں سنجیدہ ہے اور پی آئی ٹی بی اس کے لئے ایک کارآمدپارٹنر ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پلان 9اورپلانXکے طلبا وطالبات سے ملکر بہت خوشی ہوئی ہے ۔

مجھے امید ہے کہ یہاں سے تربیت حاصل کرنے کے بعد یہ افراد پاکستان کی صنعت و تجارت اور معیشت میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یہاں آکر کافی نئی چیزیں دیکھی ہیں جو پاکستان میں کسی اور جگہ دیکھنے کو نہیں ملیں۔ درحقیقت ٹیکنالوجی کا اس سے بہتر استعمال نہیں ہو سکتا کہ پاکستان کے بے روزگار نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد دی جائے اور ساتھ ہی انہیں پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے تیار کیا جائے۔بعد ازاں مہمانوں نے پلان9کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اور ڈاکٹر عمر سیف کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :