کراچی، بعض انبیاء کی زندگی کے واقعات بائبل اور قرآان دونوں میں بیان کئے گئے ہیں ،علامہ الیاس ستار

جمعہ 17 اپریل 2015 17:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) بعض انبیاء کی زندگی کے واقعات بائبل اور قرآان دونوں میں بیان کئے گئے ہیں ،اس سے اس بات کی توثیق ہوتی ہے کہ قرآن کا علم کس قدر وسیع ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف دینی اسکالر علامہ الیاس ستار نے وفاقی جامعہ اردو کی سیرت چیئر کے تحت ”مطالعہ سیرت اور عیسائیت “کے موضوع پر ہونے والے لیکچر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے مظاہرکائنات میں جگہ جگہ نظر آتے ہیں۔دنیا بھر کے سمندروں کی سیاہی اگر جمع کرلی جائے تو قدرت کی عطا کردہ نعمتوں کی تعریف کے لئے کم پڑ جائے گی۔ علامہ الیاس ستار نے کہا کہ انسان کو عطا کردہ بہترین زیور علم ہے، علم ہی کی بدولت اس نے دنیا کی بے شمار طاقتوں کو مسخر کیا ہے۔

(جاری ہے)

پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے ڈائریکٹر اسٹمفرڈ اسلامک سینٹر یو ایس اے ڈاکٹر حافظ حقانی میاں قادری نے کہاکہ اللہ اور اسکے رسول ﷺ کو مبالغہ آرائی پسند نہیں ، انکی ذات دنیا بھر کے لئے رحمت اور نہایت اعلیٰ و ارفع ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ دین اسلام میں ہر مذہب کے لوگوں کی عزت و احترام کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔اسکے علاوہ آخری کتاب ہونے کے باعث قرآن پاک کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت ہے ۔قرآن پاک دیگر کتب کی تعلیمات کی تکمیل کرتا ہے، اور ان کے بیانات کو ثابت بھی کرتا ہے۔اس موقع پر انچارج شعبہ الحاق مدارس دینیہ ڈاکٹر عبدالماجد نے ایم فل کے طلبہ میں داخلے کے خط تقسیم کئے۔ ڈائریکٹر سیرت چیئر ڈاکٹر سیدعزیز الرحمان نے مہمانوں کو شکریہ ادا کیا اور اس امر کا اظہار کیا کہ سیرت چیئر کے تحت توسیعی لیکچر زکا سلسلہ جاری رہے گا۔اس موقع پر ڈائریکٹر شعبہ تصنیف و تالیف ڈاکٹر محمدجمیل بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :