حکومت پنجاب مزدوروں اور صنعتی ورکرز کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے ‘راجہ اشفاق سرور

سوشل سیکورٹی ڈسپنسری کھیوڑہ کے افتتاح کے موقع پر خطاب ، ڈسپنسری کو ایمبولینس بھی فراہم کی جائے گی ‘صوبائی وزیر محنت

جمعہ 17 اپریل 2015 17:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہاہے کہ حکومت پنجاب مزدوروں اور صنعتی ورکرز کے حقوق کے تحفظ اورعلاج معالجے کی بہترین سہولیات بہم پہنچانے کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے، پنجاب میں ساڑھے آٹھ لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ورکروں اور انکے خاندانوں کی صحت کی بہترین سہولیات دی جا رہی ہیں۔

مزدوروں ، انڈسٹریز کی انتظامیہ اور مزدور ایسوسی ایشنوں میں بہتر تعلقات سے نہ صرف پیدوار میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ مزدوروں کے مسائل حل کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ انہوں نے یہ بات پنڈدادنخان جہلم میں سوشل سیکیورٹی ڈسپنسری کھیوڑہ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی نذر محمد گوندل اور چوہدری لال حسین، سیکرٹری لیبر عشرت علی، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) جہلم چوہدری بوٹا جاوید، اور مزدوروں اور ورکروں کی کثیر تعداد موجو د تھی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہاکہ سوشل سیکیورٹی ڈسپنسری کھیوڑہ کو جلد ہی ایک ایمبولینس بھی دی جائیگی اور چھ ما ہ میں اس ڈسپنسری کو سوشل سیکیورٹی کے زیر انتظام چلنے والی دیگر ڈسپنسریوں کے معیار کے برابر لایا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ سوشل سیکیورٹی کھیوڑہ ڈسپنسری میں میل اور لیڈی ڈاکٹرز موجو د ہونگے اور ادویات بھی بلا معاوضہ میسر ہونگی اور مزدوروں اور انکے خاندانوں کو محمکہ سوشل سیکیور ٹی کے اسلام آباد اور دیگر شہروں میں موجود ہسپتالوں میں ریفر کرنے کی سہولت ہوگی۔

اس سے پہلے مزدوروں اور ورکروں کو مذکورہ سہولیات جہلم یا چکوال میں میسر تھیں۔ سیکرٹری لیبر عشرت علی نے کہاکہ سوشل سیکیورٹی ڈسپنسری سے صرف رجسٹرڈ مزدور اور ورکر ہی مستفید ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ انڈسٹریوں اور مزدور ایسوسی ایشنوں کو چاہئے کہ مزدوروں کو باقاعدہ رجسٹرڈ کرائیں تاکہ وہ حکومتی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :