کراچی ،امریکی خاتون پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کیخلاف فیروزآباد تھانے میں درج کرلیا گیا

حملے میں استعمال ہونیوالے ہتھیار گذشتہ ماہ ایم اے جناح روڈ پر پولیس اہلکاروں پر حملے میں بھی استعمال کئے گئے، فورنزک تجزیاتی رپورٹ

جمعہ 17 اپریل 2015 17:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) کراچی میں امریکی خاتون پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف فیروزآباد تھانے میں درج کرلیا گیا جبکہ حملہ آوروں کی نشاندہی بھی کرلی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق فیرز آباد پولیس نے امریکی خاتون ڈیبرا لوبو پر حملے کا مقدمہ انکے شوہر کی مدعیت میں درج کرلیا ہے،مقدمہ زیر دفعہ 307 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے ڈیبرا لوبو پر حملے کے ملنے والے گولیوں کے خول کی فورنزک تجزیاتی رپورٹ موصول ہوئی ہے،جس میں نشاندہی ہوئی کہ حملے میں استعمال ہونے والے ہتھیار گذشتہ ماہ ایم اے جناح روڈ پر پولیس اہلکاروں پر حملے میں بھی استعمال کیے گئے،گزشتہ ماہ ایم اے جناح روڈ پر دہشت گردوں نے پریڈی تھانے کی موبائل کو نشانہ بنایا تھا،جس میں تین پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔ ڈیبرا لوبو کاتعلق امریکی ریاست کیلیفورنیا سے ہے۔ وہ گذشتہ کئی برسوں سے اپنے خاندان کے ہمراہ کراچی میں مقیم ہیں۔ڈیبرا لوبو 1996سے جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سے وابستہ ہیں، انہیں 1998میں کالج کا وائس پرنسپل بنایا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :