جماعة الدعوة کی اپیل پر شہر بھر کی مساجد میں تحفظ حرمین شریفین کو خطبات جمعہ کا موضوع بنایا گیا

سعودی عرب کا گھیراؤ منظم منصوبے کا حصہ ہے، دشمن مسلمانوں کو فرقہ واریت کی آگ میں جھونک کر ناپاک عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں، ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی

جمعہ 17 اپریل 2015 17:11

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) جماعة الدعوة کی اپیل پر شہر بھر کی مساجد میں تحفظ حرمین شریفین کو خطبات جمعہ کا موضوع بنایا گیا۔ اجتماعات جمعہ میں سعودی عرب کے دفاع کو درپیش خطرات اور اس کے سدباب پر خصوصی روشنی ڈالی گئی۔ جماعة الدعوة کراچی کے امیر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے مدیر مفتی محمد یوسف طیبی، نائب مدیر مفتی یوسف کشمیری، مدیر تعلیم الشیخ یحییٰ بھٹی، جماعة الدعوة کے رہنما ابو عکاشہ منصور، حافظ محمد امجد سمیت دیگر رہنماؤں و علماء کرام نے پی ای سی ایچ سوسائٹی، گلشن اقبال، ڈالمیا، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، شیرشاہ سمیت دیگر علاقوں میں جمعہ کے بڑے اجتماعات سے خصوصی خطابات کیے۔

اجتماعات جمعہ میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی میں امیر کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا گھیراؤ منظم منصوبے کا حصہ ہے۔ دشمن ممالک عالم اسلام کے مسلمانوں کو فرقہ واریت کی آگ میں جھونک کر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں۔

یمن میں بغاوت کا فوری تدارک کرنا ناگزیر ہوگیا ہے۔ سرزمین حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے پاکستان غیر جانبدار نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو درپیش مسائل مسلم ممالک کو خود حل کرنا ہونگے جس طرح یمن کے تنازع کا حل ضروری ہے، ویسے ہی مسئلہ کشمیر بھی حل ہونا ضروری ہے۔ سرینگر میں کشمیریوں کا سڑکوں پر آکر پاکستان کے حق میں نعرے لگانا ان کی خواہشات کو بخوبی واضح کر رہا ہے۔

کشمیری حریت رہنماؤں کے قید و بند سے تحریک آزادی کشمیر کو روکا نہیں جا سکتا۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ مسلم ممالک کو درپیش مسائل کا حل ہمارے اتحاد میں پنہاں ہے۔ عالم اسلام مشترکہ فوج ترتیب دے کر باغیوں اور قابض افواج کا مکمل خاتمہ کریں۔ پاکستانی قوم نے ہمیشہ قربانیوں کی داستانیں رقم کیں ہیں، موجودہ صورت حال میں بھی وہ کسی صورت پیچھے نہیں رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :