کراچی،امریکی خاتون ڈاکٹر پر قاتلانہ حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی

جمعہ 17 اپریل 2015 16:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) کراچی میں امریکی خاتون ڈاکٹر پر قاتلانہ حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے،امریکی ڈاکٹراور پریڈی پولیس پرہونے والے حملوں میں ایک ہی گروہ ملوث ہے۔ پولیس اور حساس اداروں نے تفتیش کا دائرہ بڑھا دیا ہے ۔جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کراچی کی وائس پرنسپل ڈاکٹر ڈیبرا لوبو شہید ملت روڈ پر دہشتگردوں کے حملے میں زخمی ہوئیں، حساس اداروں، کانٹر ٹیررازم یونٹ اور پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ڈاکٹر ڈیبرا لوبو کی پہلے ریکی کی گئی، 2حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے، موٹر سائیکل چلانے والے نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا، پینٹ شرٹ میں ملبوس حملہ آور ڈاکٹر ڈیبرا لوبو کی کار کے قریب پہنچے اور نائن ایم ایم پستول سے 2فائر کئے۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں نے اس موقع پر دھمکی آمیز پملفٹ کار میں پھینکے اور ہل پارک کی طرف بھاگ نکلے، ڈاکٹر ڈیبرا لوبو کو 2 گولیاں لگیں، ایک جبڑے اور دوسری ہاتھ میں، تفتیش کاروں نے جائے وقوعہ کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج جمع کرنا شروع کردی ہے۔

تحقیقاتی ٹیموں کا کہنا ہے کہ امریکٰی ڈاکٹرڈیبرالوبواور پریڈی تھانے کے پولیس اہلکاروں پر حملے میں ایک ہی گروہ ملوث ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے ڈاکٹر ڈیبرا لوبو آغا خان اسپتال کے اسپشل کیئر یونٹ میں زیر علاج ہیں، جہاں ان کی حالت میں بہتری آرہی ہے، ڈاکٹرز کی اجازت کے بعد ڈیبرا لوبو کا بیان لیا جاسکے گا۔امریکی شہری ڈاکٹر ڈیبرا لوبو پر حملے کے بعد حساس اداروں اور پولیس نے تعلیمی اداروں میں ملازمت کرنیوالے غیرملکیوں کی سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :