جوڈیشل کمیشن کا قیام تاریخ ساز کامیابی ہے، شاہ محمودقریشی

جمعہ 17 اپریل 2015 16:35

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء)تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کو تاریخ ساز کامیابی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ معاہدے کی رو سے دھاندلی ثابت ہوئی تو وزیراعظم اسمبلی کو تحلیل کرنے کے پابند ہوں گے۔ جمعہ کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس دھاندلی کے ثبوتوں کے انبار ہیں جنہیں وہ جوڈیشل کمیشن میں پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف نے جمہوری سوچ رکھنے والی تمام سیاسی جماعتوں کیلئے بھی دروازہ کھول دیا ہے کہ وہ آگے آئیں اورالیکشن میں دھاندلی کیخلاف ثبوت فراہم کریں،جو ڈیشل کمیشن کے قیام سے ایک آزاد الیکشن کمیشن نکلے گا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی والوں نے ہردور میں اپنا فیصلہ خود کیا ہے۔اس موقع پر تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ واحد جماعت ہے جو جوڈیشل کمیشن کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔ انہوں نے کہاکہ این اے ایک سو بائیس پر ٹریبونل کے فیصلے کا انتظار ہے لاحہ عمل بعد میں طے کریں گے۔