پاکستان بزنس فورم سعودی عرب کے صدر کی صدر آزاد کشمیر سے ملا قات

جمعہ 17 اپریل 2015 15:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان سے معروف سرمایہ کار اور پاکستان بزنس فورم سعودی عرب کے صدر مقصود اعوان کی ملاقات ، سعودی عرب یمن تنازعے کے حوالے سے حکومت پاکستان کی غیر جانبدارنہ پالیسی پر سعودی عرب میں مقیم 20 لاکھ پاکستانی اور کشمیریوں کی جانب سے شدید تحفظات سے آگاہ کیا ۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ حرمین الشریفین سمیت پورے سعودی عرب میں دفاع ہر مسلمان پر لازم ہے ۔ ہم سعودی عر ب کی سلامتی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ آزاد کشمیر کے عوام سعودی عرب کے لیے اپنا نسب قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان بزنس فورم سعودی عرب کے صدر مقصود اعوان نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کی کھل کر مدد نہ کرنے پر سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں محنت مزدوری اور بزنس والے پاکستانی اور کشمیر ی بے چینی کا شکا ر ہیں۔

(جاری ہے)

میں ان کے نمائندے کی حیثیت سے ان کے تحفظات یہاں پہنچانے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حوثی باغیوں کی دھمکیوں اور دیگر کارروائیوں سے سعودی عرب کی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں ایسی صورتحال میں پاکستان کو غیر جانبدارنہیں رہنا چاہے ۔ بلکہ سعودی عرب کا کھل کر ساتھ دینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے ۔

مسئلہ کشمیر سمیت دیگر تمام تنازعات کے حوالے سے ہر پلیٹ فارم پر پاکستان کا کھل کر ساتھ دیا ۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان بھی ایسی جوش و جذبے کا اظہار کرے ۔ جس پر صدر سردار محمد یعقوب خان نے ان تحفظات کو موزوں ذرائع سے حکومت پاکستان تک پہنچانے کا یقین دلایا اور کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام ہر مشکل میں سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔ پاکستان کی پارلیمنٹ کا فیصلہ بھی مقدم ہے ۔

جس پر ہم رائے زنی نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کے کشمیریوں کی بڑی تعداد سعودی عرب میں بر سر روزگار ہے ۔ اور ہر سال اربوں ڈالر ذرائع مبادلہ ملک میں بھیجتی ہے ۔ سعودی عرب کے ہم پر بہت احسانات ہیں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا تو دنیا بھر کے مسلمان وہاں پہنچ جائیں گے ۔ کشمیری سب کچھ سعودی عرب کی سلامتی پر قربان کرنے پر تیار ہیں۔