قلعہ سیف اللہ ، خسرے کے ٹیکوں کے باعث مزید دو بچے دم توڑ گئے،مجموعی تعداد 5 ہو گئی

وزیراعظم کابچوں کی ہلاکت پر اظہار تشویش،واقعے کی فوری رپورٹ طلب

جمعہ 17 اپریل 2015 14:16

اسلام آباد /قلعہ سیف اللہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء)قلعہ سیف اللہ میں خسرے کے ٹیکوں کے باعث مزید دو بچے دم توڑ گئے، جس کے بعد جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 5 ہو گئی، وزیراعظم نواز شریف نے بچوں کی ہلاکت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔ جمعہ کو قلعہ سیف اللہ میں خسرے کے ٹیکوں سے مزید دو بچے دم توڑ گئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

قلعہ سیف اللہ میں ایک ہی خاندان کے 9بچوں کی خسرے کے ٹیکے لگنے سے حالت غیر ہو گئی تھی ۔ڈی جی صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ بچے پیٹ کی بیماریوں کے باعث جاں بحق ہوئے،بچوں کے خون کے نمونے بی ایم سی کو بھجوا دیئے گئے، جن کی 36 گھنٹوں میں رپورٹ مل جائے گی، بچوں کو کوئٹہ لایا گیا تو انہیں ہلکا بخار تھا اور وہ قے کر رہے تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے قلعہ سیف اللہ میں پانچ بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی، وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے اور ملزمان کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی ہے۔