شفقت حسین کی پھانسی۔۔۔ صدر اور وزیر اعظم کو نوٹس جاری!!

جمعہ 17 اپریل 2015 12:44

شفقت حسین کی پھانسی۔۔۔ صدر اور وزیر اعظم کو نوٹس جاری!!

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل2015ء) سزائے موت کے قیدی شفقت حسین کیس کی جانب سے دائر درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت میں جسٹس اطہر من اللہ نے صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف سمیت 9فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔ سزائے موت کے قیدی شفقت حسین کے کیس کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست کی سماعت کی۔

جسٹس اطہر من اللہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں عدالت نے فریقین سے 15روز میں جواب طلب کیا ہے۔ واضح رہے کہ شفقت حسین نے اپنی عمر کی تصدیق کے لیے جوڈیشل انکوائری کی درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں عمر کے تعین کے لیے ایف آئی اے (فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی) کی تحقیقات پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

شفقت حسین کی درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالت عمر کے تعین کے ساتھ پر تشدد کی تحقیقات کی انکوائری کا بھی حکم دے۔

صدر ممنون حسین نے 18مارچ کو ملزم کی رحم کی اپیل مسترد کر دی تھی جبکہ عمر کے تعین کیلئے 30روز کے لیے پھانسی کی سزا روک دی تھی۔ واضح رہے کہ شفقت حسین نے2001 میں 5 سالہ عمیرکوقتل کیا تھا، جس پر انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے اسے 2004 میں پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی۔ شفقت کی رحم کی اپیلیں 2006 میں ہائی کورٹ، 2007 میں سپریم کورٹ جبکہ 2012 میں صدر مملکت کی جانب سے مسترد کی جا چکی ہیں اور اسے 19 مارچ کو تختہ دار پر لٹکانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :