مقبوضہ کشمیر  بھارتی مظالم کے خلاف ریلی  بھارتی حکومت کے نعرے بازی  سری نگر میں پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا

مفتی سعید اعلان کریں کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں  یہ علاقہ عالمی سطح پر تسلیم متنازع مسئلہ ہے سید علی گیلانی شدید احتجاج کے بعد بھارتی فورسز نے کشمیری رہنما یاسین ملک اور مسرت عالم کو رہا کر دیا کشمیریوں کی پاکستان سے والہانہ محبت دیکھ کر بھارتی میڈیا منفی پروپیگنڈا کرتا رہا

بدھ 15 اپریل 2015 21:00

مقبوضہ کشمیر  بھارتی مظالم کے خلاف ریلی  بھارتی حکومت کے نعرے بازی ..

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15اپریل۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی جس میں بھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی کشمیریوں نے وادی سری نگر میں پاکستانی پرچم بھی لہرادیا۔بدھ کو یہاں کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی سری نگر آمد پر کشمیریوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا اس موقع پر گزشتہ روز رہائی پانے والے کشمیری رہنما مسرت عالم کی قیادت میں بھارتی مظالم کے خلاف ریلی بھی نکالی گئی جس میں پرجوش کشمیریوں نے پاکستان کے حق میں نعرے بلند کیے اور اس دوران وادی بھارت مردہ بعد کے نعروں سے گونج اٹھی  ریلی کے دوران سری نگر میں پاکستان کے پرچم بھی لہرائے گئے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مفتی سعید اعلان کریں کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں کیونکہ یہ علاقہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع مسئلہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے، مسئلہ کشمیر صرف پاک بھارت تنازع نہیں بلکہ سہ فریقی مسئلہ ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی سیکورٹی فورسز نے کشمیری رہنما یاسین ملک اورمسرت عالم کو گرفتار کرلیا تھا تاہم احتجاج کے بعد انہیں رہا کردیا گیا ہے یاد رہے کہ کچھ ہفتے پہلے کشمیری خاتون رہنما آسیہ اندرابی نے بھی یوم پاکستان کی تقریب میں سبز ہلالی پرچم لہرایا تھا۔

خواتین کی اس تقریب میں بھی پاکستان زندہ باد کے نعرے گونجتے رہے۔ کشمیریوں کی پاکستان سے والہانہ محبت دیکھ کر بھارتی میڈیا جل بھن کر منفی پروپیگنڈا کرتا رہا۔