سابق وفاقی وزیر سینیٹر اعظم خان ہوتی انتقال کر گئے

بدھ 15 اپریل 2015 10:52

سابق وفاقی وزیر سینیٹر اعظم خان ہوتی انتقال کر گئے

مردان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اپریل2015ء) سابق وفاقی وزیر سینیٹر اعظم خان ہوتی انتقال کر گئے ۔ اعظم ہوتی طویل عرصے سے گلے اور سانس کی تکلیف میں مبتلا تھے ۔ نمازہ جنازہ آج شام 4 بجے ہوتی ہاؤس مردان میں ادا کی جائے گی ۔ محمد اعظم خان ہوتی المعروف بابا مردان کی مشہور اور جانی پہچانی شخصیت تھے ، اعظم ہوتی طویل عرصے سے گلے اور سانس کی تکلیف میں مبتلا تھے اور پشاور کے ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔

(جاری ہے)

ان کی نماز جنازہ آج شام چار بجے ہوتی ہاؤس مردان میں ادا کی جائے گی ۔ وہ سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی کے والد بیگم نسیم ولی کے اکلوتے بھائی اور اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی کے ماموں تھے ۔ میاں محمد نواز شریف کے سابق ادوار میں دو مرتبہ مواصلات کے وفاقی وزیر رہے جبکہ 1993 اور 2012 میں سینیٹرمنتخب ہوئے ۔ اعظم ہوتی پاک فوج میں کیپٹن بھی رہے ۔ اعظم ہوتی کا شمار اے این پی کے مرکزی رہنماؤں میں ہوتا تھا تاہم عمر کے آخری حصے میں ان کے پارٹی کے ساتھ اختلافات پیدا ہو گئے جس کے بعد وہ پشاور منتقل ہوگئے تھے ۔