مشکل وقت میں دوست ممالک کے کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے، وزیر اعظم، خلیجی اتحادی پاکستانی پارلیمان کی قرارداد کو درست طریقے سے نہیں سمجھ پائے، پاکستان بلاشک و شبہ ہمیشہ خلیجی ریاستوں کیساتھ کھڑا ہوگا، وزیراعظم کی پریس کانفرنس

muhammad ali محمد علی پیر 13 اپریل 2015 19:13

مشکل وقت میں دوست ممالک کے کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے، وزیر اعظم، ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 13 اپریل 2015 ء) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سعودی بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ان کے ساتھ شانہ بشانہ چلے گا۔ ذرائع سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق یمن کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے مشاورتی اجلاس کے بعد وزیراعظم نواز شریف کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ پاکستان یمن میں حوثی باغیوں کی کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے، خلیجی اتحادی پاکستانی پارلیمان کی قرارداد کو درست طریقے سے نہیں سمجھ پائے، پاکستان بلاشک و شبہ ہمیشہ خلیجی ریاستوں کیساتھ کھڑا ہوگا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عربپاکستان کا قریبی اتحادی ہے اور سعودی عرب کی خومختاری اور سالمیت پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ترین حصہ ہے ، ہم سعودی بھائیوں کویقین دلاتے ہیں کہ سعودی عرب کی خود مختاری اور حرمین شریفین کو خطرے کی صورت میں پاکستان سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ چلے گا اور سخت جواب دے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کی یمن کے معاملے پر پالیسی اصولوں پر مبنی ہے ، پاکستان یہ معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے تاہم ہر صورت میں سعودی عرب کی خودمختاری کا دفاع کیا جائے گا۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھاکہ ایرانی وزیر داخلہ کے ساتھ بھی یمن کی صورتحال پر بات چیت ہوئی ہے اور ایران پر زور دیا گیاہے کہ یمن کی صورتحال پر بات چیت کیلئے ایران اپنا کردار ادا کرے۔