اردو کے ممتاز شاعر ذی شان ساحل کی ساتویں برسی منائی گئی

اتوار 12 اپریل 2015 12:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 اپریل۔2015ء ) اردو کے ممتاز شاعر ذی شان ساحل کی ساتویں برسی اتوار کو منائی گئی ۔ذی شان ساحل 15 دسمبر 1961ء کو حیدرآباد میں پیدا ہوئے تھے۔ بچپن میں پولیو سے پیر خراب ہوجانے اور کائی فوسکو لیوسیس نامی بیماری کی وجہ سے وہ اپنی تعلیم مکمل نہیں کرپائے۔ اس بیماری کی وجہ سے زندگی کا بڑا حصہ انہوں نے وہیل چیئر پر گزارا۔

1977ء میں انہوں نے شاعری کو اپنا ذریعہ اظہار بنایا۔

(جاری ہے)

شروع شروع میں انہوں نے کچھ غزلیں بھی لکھیں مگر پھر نثری نظم ان کی پہچان بن گئی۔ ان کی شاعری کے مجموعے ایرینا، چڑیوں کا شور، کہرآلود آسمان کے ستارے، جنگ کے دنوں میں، کراچی اور دوسری نظمیں، ای میل اور دوسری نظمیں، شب نامہ اور دوسری نظمیں اور نیم تاریک محبت کے نام سے شائع ہوئیں۔ ان کی نظموں کا تہمینہ احمد نے انگریزی میں ترجمہ بھی کیا۔آخری دنوں میں وہ ایک ناول لکھنے کی تیاری کررہے تھے کہ سانس کی دقت کی وجہ سے 12 اپریل 2008ء کواپنے خالق حقیقی جاملے۔ وہ کراچی میں وادی حسین کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔