دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، بلوچستان کے عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں‘ بلوچستان ہی پاکستان کا مستقبل ہے،کچھ عناصر سے بلوچستان کی ترقی برداشت نہیں ہورہی ، وہ ایسی گھناؤنی دہشت گردانہ کارروائیوں سے پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتے

صدر مملکت ممنون حسین کی تربت میں 20مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت

ہفتہ 11 اپریل 2015 11:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 اپریل۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے تربت میں دہشت گروں کے ہاتھوں 20مزدوروں کے قتل کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار کیا ۔ ہفتہ کو صدر مملکت نے تربت میں فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو عوام کے جاں و مال سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کے عوام بہت اچھے ہیں اور پاکستان سے محبت کرتے ہیں‘ بلوچستان ہی پاکستان کا مستقبل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر ایسے ہیں جن سے بلوچستان کی ترقی برداشت نہیں ہورہی اور وہ ایسی گھناؤنی دہشت گردانہ کارروائیوں سے پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ صدر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر پر نظر رکھیں اور ان سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔