Live Updates

تحریک انصاف نے نادرا سے انگوٹھوں کی تصدیق شدہ رپورٹس فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا

15اپریل سے قبل رپورٹس مہیا کی جائیں کیونکہ یہ رپورٹس جوڈیشل کمیشن میں پیش کرنا چاہتے ہیں، تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کا چیئرمین نادرا کو ایک خط

جمعہ 10 اپریل 2015 22:59

اسلام ا ٓباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف نے نادرا سے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق 37 انتخابی حلقوں میں انگوٹھوں کی تصدیق کی تیار شدہ رپورٹس فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ 15اپریل سے قبل رپورٹس مہیا کی جائیں کیونکہ یہ رپورٹس جوڈیشل کمیشن میں پیش کرنا چاہتے ہیں ۔جمعہ کو تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی جانب سے چیئرمین نادرا عثمان مبین کو ایک خط ارسال کیا گیا ۔

چیرمین نادرا کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نادرا کی تیارشدہ رپورٹس کو انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کے سامنے پیش کرنا چاہتی ہے اس لیے 37 انتخابی حلقوں کی انگوٹھوں کی تصدیق سے متعلق تیار شدہ رپورٹس پارٹی کو فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ رپورٹس 15 اپریل سے قبل فراہم کی جائیں کیونکہ قانون کے مطابق کاغذات جلد فراہم کرنے کا پابند ہے ۔

خط میں کہاگیاکہ ان رپورٹس کا سرکاری طور پر تصدیق شدہ ہونا بھی ضروری ہے۔ خط میں اس بات کو بھی واضح کیا گیا ہے کہ ا ٓئین کے آرٹیکل 19 اے کے تحت نادرا پر رپورٹ فراہم کرنا لازمی ہے۔واضح رہے کہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دیا گیا ہے جب کہ تحریک انصاف نے کمیشن کے سامنے پیش کرنے کیلیے دھاندلی کے ثبوت اکٹھا کرنا شروع کردیئے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات