وزیراعظم 14اپریل کو گلگت بلتستان کے لیے اہم اعلانات کریں گے،خلاف میرٹ کام کو پسند کریں گے نہ نوکریاں فروخت ہوں گی،وفاق گلگت بلتستان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے،گورنر نہیں خادم ہوں اس لیے تنخواہ نہیں لیتا

جمعہ 10 اپریل 2015 22:49

سکردو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان ،وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ آئندہ نوکریاں فروخت نہیں کی جائیں گی اور نہ ہی خلاف میرٹ کسی کام کو برداشت کیا جائے گا۔ وفاق گلگت بلتستان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور یہاں کے لوگوں سے ہمدردی بھی ہے۔ پسماندگی کا علاج صرف اور صرف میگا پراجیکٹس اور تجارتی سرگرمیوں میں ہے۔

وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف 14 اپریل کو گلگت بلتستان کے دورہ پر اہم اعلانات کریں گے جو خطے کی قسمت بدل کے رکھ دیں گے۔ وہ جمعہ کو سکردو اور روندو کے دورہ پر مختلف وفود کے ساتھ ملاقاتوں میں گفتگو کررہے تھے ۔ گورنر گلگت بلتستان نے بلتستان کے اپنے سرکاری دورے کے دوران انجمن شہریان سکردو، علماء کرام، ایم ڈبلیو ایم، سکردو بار کونسل، عمائدین روندو کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفد سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

گورنر سے ملاقات میں مختلف وفود نے گورنر کی سیاسی بصیرت اور خطے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔ گونر نے کہا کہ وہ گلگت بلتستان کے خادم ہیں گورنر نہیں۔ انہوں نے وفود کو بتایا کہ خطے کے عوام کی بہتری کے لیے وزیراعظم پاکستان اور قائد مسلم لیگ کے حکم پر انہوں نے یہ ذمہ داری قبول کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اس عہدہ پر کام کرنے کی تنخواہ نہیں لیتے اور نہ ہی سرکاری گونر ہاؤس میں رہتے ہیں تاکہ خطے کے عوام کا پیسہ ان کی بہبود ر خرچ ہو۔

گونر نے کہا کہ اس عہدہ پر فائز ہونے کے بعد انہیں عوام کے قریب آنے کا موقع ملا اور وہ بہتر انداز سے ان کے مسائل سے آگاہ ہوئے ہیں۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ گلگت بلتستان کے لوگ انتہائی ملنسار، مہمان نواز اور ترقی پسندانہ ذہنیت کے حامل ہیں۔ خطے کے لوگوں اور خاص طور پر بلتستان کے لوگوں نے جس انداز سے تعلیم کو اپنا زیور بنایا وہ باقی صوبوں کے لیے بھی مشعل راہ ہے۔ گورنر نے کہا کہ خطے کے عوام کو چاہیے کہ وہ موجودہ بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے اسے اپنی طاقت بنائیں۔ خطے میں امن ہوگا تو نہ صرف سیاحت میں اضافہ ہوگا بلکہ معاشی سرگرمیاں بھی فروغ پائیں گی۔

متعلقہ عنوان :