ساحل اور وسائل کا تحفظ ہر حال میں کرینگے،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

نیشنل پارٹی کی پالیسیوں کو وقت اور حالات نے درست ثابت کر دیا، شادی کور اور سواڑ ڈیم کی تعمیر میں رکاوٹ بننا عوام دشمنی ہے،خطاب

جمعہ 10 اپریل 2015 22:46

گواد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء ) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ساحل اور وسائل کا تحفظ ہر حال میں کرینگے، ساحل کو فروخت کرنے والے کو گوادر کے عوام بخوبی جانتے ہیں، لینڈ مافیا پر مضبوط ہاتھ ڈال چکے ہیں، گوادر پر پہلا حق یہاں کے باسیوں کا ہے، نیشنل پارٹی کی پالیسیوں کو وقت اور حالات نے درست ثابت کر دیا، شادی کور اور سواڑ ڈیم کی تعمیر میں رکاوٹ بننا عوام دشمنی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر اعلیٰ سرکاری حکام، نیشنل پارٹی کے قائدین، بلدیاتی اداروں کے نمائندوں سمیت سیاسی و سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے عوام کو ملک کے ترقی پسند اور جمہوری قوتوں کے ساتھ جوڑ کر آئین کی بالادستی ، قانون کی حکمرانی، سماجی انصاف ، محکوم طبقات کی داد رسی ، بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے جدوجہد کو تقویت دے گی، انہوں نے کہا کہ وقت اور حالات نے نیشنل پارٹی کی پالیسیوں اور وژن کو درست ثابت کر دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ پارٹی کی عوامی طاقت میں روزبہ روز اضافہ ہو رہاہے انہوں نے کہا کہ گوادر پر پہلا حق گوداریوں کا ہے، پسنی میں لینڈ مافیا اور باہر کے لوگوں کو غیر قانونی الاٹمنٹ اور اراضی کی بندر بانٹ کا خاتمہ کر کے تمام الاٹمنٹ منسوخ کی تو لینڈ مافیا چیخ اٹھا ، میں نے اسمبلی فلور پر واضح کیا کہ ساحل اور گوادر کو بیچنے والوں کو عوام بخوبی جانتے ہیں ہزاروں ایکڑ اراضی کی منسوخی کا عمل ہی تو ساحل کا دفاع ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غیر قانونی ٹرالرنگ کے مکمل خاتمہ میں ابھی تک کامیابی نہیں ہوئی لیکن اس میں بہتری ضروری ہوئی ہے، مجھ پر ٹرالرنگ کا ایک بھی ٹھیکہ حرام ہے، ماہی گیر ہی گوادر کے محافظ ہیں۔ ماہی گیری کا تحفظ وطنی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ شادی کور ڈیم سے پسنی جبکہ سواڑ ڈیم سے گوادر کے عوام کو پانی فراہم کیا جائیگا، یہ عوام کی بقاء کا مسئلہ ہے، انہوں نے سوال کیا کہ کیا شادی کور ڈیم کی مشینری کو تباہ اور ٹھیکیداروں کو اغواء کر کے ڈیموں کی تعمیر رکواناعوام دوستی ہے عوام کو پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم کرنے والے عوام دشمنی کے مرتکب ہو رہے ہیں، ایسے عناصر کے خلاف عوام کو خود اٹھ کر ان کا مقابلہ کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ کوئی کچھ بھی کر لے ہماری نیت اور مقاصد نیک ہیں، ہم سڑکیں ، سکول، ڈیمز اور ہسپتال ضرور تعمیر کریں گے اور اپنے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرینگے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں اپناسیکرٹ فنڈ تک استعمال نہیں کرتا، بلوچستان کے ایک ایک پتھر کا محافظ ہوں، ریکوڈک سے متعلق انہوں نے کہا کہ مجھ پر الزام لگانے والوں کی حقیقت تو یہ ہے کہ وہ کمپنی کی ایک ایک ویگو گاڑی پر بک گئے ، انہوں نے کہا کہ ستم ظرفی تو یہ ہے کہ جن لوگوں نے ساحل اور وسائل کو فروخت کیا وہی لوگ مجھ پر الزام لگاتے پھرتے ہیں، کیونکہ ان کی دکانداری کا خاتمہ ہوا وہ بخوبی جانتے ہیں کہ موجودہ حکومت ساحل کا بھی اور وسائل کا بھی دفاع کریگی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 10سالوں تک پسنی فش ہاربر کی ڈریجنگ اس لیے نہیں کی گئی کیونکہ منصوبے کی خطیر رقم کو بنک میں رکھ کر اس کا سود ہضم کیا گیا، گوادر ٹریڈ فری زون کی اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی، جبکہ اس کے اصل مالکوں کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ کے علاوہ ایک ایک پلاٹ بھی دیا جائیگا، معاوضہ کے کیسز میں کمیشن کا خاتمہ کر دیا ہے اب کسی سے کمیشن وصول کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ ٹی ٹی سی میں تیکنیکی ہنر سیکھیں اور جب بندرگاہ فعال ہو تو یہاں مقامی افراد کو ہی روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں، انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ قانونی تجارت کے لیے گوادر، مند اور پنجگور کے سرحدی علاقوں میں ٹریڈ سینٹرز کے قیام کے لیے مثبت پیش رفت جاری ہے، جبکہ گوادر میں اکاونٹنٹ جنرل کے دفتر کی منظوری ہوچکی ہے اور اب گوادر اور مکران کے لوگوں کو پینشن سمیت اپنے روزمرہ مسائل کے حل کے لیے کوئٹہ جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

وزیر اعلیٰ نے ضلع گوادر کے بلدیاتی اداروں کے لیے 5کروڑ روپے جبکہ مستحق خواتین کو سلائی مشینوں کی فراہمی لیے 30لاکھ روپے ، زمینداروں کے لیے 5ہزار بلڈوزر گھنٹے اور رواں سال گوادر گرلز کالج کی منظوری کا اعلان کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ پاک چائنا اقتصادی منصوبہ اس صدی کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جو دنیا کو جوڑنے اور فاصلوں کو کم کرنے کا کام کرے گا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ بلوچستان کے عوام کے لیے ایک نعمت سے کم نہیں دنیا میں ایسے کئی مثالیں موجود ہیں کہ ایک شخص نے قوم کی تقدیر بدل دی ہے، انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام کی موثر شراکت کے بغیر کوئی بھی منصوبہ پائیدار نہیں ہو سکتا، انہوں نے اپنی جانب سے 100سلائی مشینیں گوادر کی مستحق خواتین کو دینے کا اعلان کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یاسین بلوچ نے کہا کہ موجودہ حکومت اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ٹھوس اقدامات کے باعث اب یہ تاثر ختم ہو رہاہے کہ گوادر باہر کے لوگوں کے لیے بنایا جارہا ہے،جب ترقی کے ثمرات یہاں کے عوام کو ملیں گے، تو یقینا اس ترقی کو عوام اپنا سمجھ کر اس میں حصہ بھی لیں گے اور اس کا تحفظ بھی کریں گے، انہوں نے شمبے اسماعیل کے لوگوں کو حق ملکیت دینے اور پسنی کی اراضیات کی الاٹمنٹ کی منسوخی کو اہم تاریخی اقدام قرار دیا۔

تقریب سے چیئرمین ضلع کونسل بابو گلاب، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی گوادر عابد سہرابی نے بھی خطاب کیا، جبکہ گوادر میں جاری منصوبوں سے متعلق ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر سجاد بلوچ نے وزیر اعلیٰ اور دیگر شرکاء کو گوادر ٹاؤن سیوریج پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :