جامعات نصاب کو جدید دور کی ضروریات کے مطابق بنائیں، صدر ممنون حسین

جامعات ایسے پروفیشنلز تیار کریں کہ وہ نہ صرف ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے کام کریں بلکہ کرپشن کے خاتمے کے لیے بھی احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کر سکیں

جمعہ 10 اپریل 2015 21:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین ملک بھر کی جامعات کے نصاب کو دور جید کی تمام ضروریات سے ہم آہنگ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نصاب کا از سر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اسٹیٹ گیسٹ ہاوٴس میں یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں 20 مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے شرکت کی اور اپنی جامعات میں نصابی سرگرمیوں سے آگاہ کیا، اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ”نظر ثانی شدہ نصاب “معاشرے اور جدید زندگی کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر تیار کیا جائے، انہوں نے جامعات سے کہا کہ وہ ملک میں ٹیکس نیٹ ورک کو بہتر بنانے کے لئے جدید طریقہ کار بنا کر حکومت کی مدد کریں، صدر نے کہا کہ جامعات ایسے پروفیشنلز تیار کریں کہ وہ نہ صرف ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے کام کریں بلکہ کرپشن کے خاتمے کے لیے بھی احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کر سکیں، یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں گریجویٹس اور پوسٹ گریجویٹس کو مناسب تربیت نہیں دی جاتی ہے جس کے باعث وہ عملی زندگی میں کافی مشکلات کا سامنا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ طلباء کو وقت کی ضروریات کے مطابق تربیت دی جائے، صدر مملکت نے عوامی فلاحی پالیسیوں کی تشکیل کے لیے دور جدید کی ضروریات کے مطابق تحقیق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جامعات کی جدید تحقیق سے بہتر پالیسیاں بنائی جا سکتی ہیں، ایڈیشنل وائس چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی ڈاکٹر محمد قیصر بھی اجلاس میں شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :