نا اہل حکمرانوں سے قوم کی مایوسی نا امیدی میں بدل چکی ہے،حرمین شریفین کو اصل خطرہ داعش اور القاعدہ سے ہے‘صاحبزادہ حامد رضا

جمعہ 10 اپریل 2015 21:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا ہے کہ یمن بحران پر سفارت کاری ہی بہترین راستہ ہے،ہمیں یمنی اور سعودی نہیں پاکستانی بن کر سوچنا ہوگا،نا اہل حکمرانوں سے قوم کی مایوسی نا امیدی میں بدل چکی ہے،حرمین شریفین کو اصل خطرہ داعش اور القاعدہ سے ہے،مشرق وسطی کے ممالک میں پارلیمانی وفود بھیجے جائیں ۔

حکومت نے سعودی ریالوں کے بدلے قومی سلامتی کا سودا کیا تو تو انہیں قوم کے شدید رد عمل کا سامنا کر نا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن طلباء اسلام کے ترجمان محمد اکرم رضوی کی قیادت میں آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔یمن میں سیز فائر کرکے مذاکرات ہونے چاہئیں۔کرپشن میں ملوث حکمران بھی دہشتگرد ہیں۔

(جاری ہے)

قومی سرمایہ کی لوٹ مار روکنے کیلئے احتساب کا مضبوط نظام بنانے کی ضرورت ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاکستان بد ترین دہشتگردی ، لا قانونیت ، غربت اور افلاس کا شکا ر ہے۔حکمران عوامی مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ۔54ارب روپے کے معاف کروائے گئے قرضے وصول کروائے جائیں ۔اپنے اثاثے پاکستان میں منتقل نہ کرنے والوں کے سیاست میں حصہ لینے پر پابندی نہیں ہو نی چاہیئے۔پاکستان کے کعبہ ء اقتدار کو لات و منات سے پاک کرنا ہو گا۔عمران خان کی بجائے جنرل ضیاء کی مجلس شوری کی چیئرمینی قبول کرنے والوں کو شرم آنی چاہیئے۔مقدس مقامات کو نہیں سعودی بادشاہت کو خطرہ ہے۔

متعلقہ عنوان :