حکومت پنجاب تاریخی و سیاحتی مقامات کی بحالی اور تزئین و آرائش کیلئے تمام وسائل مہیا کرے گی‘رانا مشہود

جمعہ 10 اپریل 2015 21:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء ) صوبائی وزیرتعلیم وآثارقدیمہ رانامشہوداحمدخاں نے کہا ہے کہ حکومت تاریخی مقامات کی بحالی اور تزئین و آرائش کیلئے تمام وسائل مہیا کرے گی۔ تاریخی ورثہ کسی بھی قوم کی پہچان ہوتا ہے اور زندہ قومیں اپنے تاریخی ورثہ کی قدر کرتی ہیں۔ پنجاب میں مقامی اوربین الاقوامی اہمیت کے کئی تاریخی مقامات موجود ہیں جنکی بہتری کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں محکمہ آثار قدیمہ کے تحت ہڑپہ میوزیم کی تزئین وآرائش کے حوالے سے منعقدہ اجلاس ے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایم ڈی ٹورازم احمر ملک ، معروف آرکیالوجسٹ پروفیسر رفیق مغل، ڈائریکٹر آرکیالوجی سلیم الحق اور ہڑپہ میوزیم ساہیوال کے کیوریٹر محمد حسن بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیرتعلیم و آثار قدیمہ رانا مشہود احمد خاں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب تاریخی اور سیاحتی مقامات پر عوامی دلچسپی بڑھانے کیلئے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔

سیاحت کے شعبے پر توجہ دے کر ہم پاکستان کی شناخت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ کثیر زرمبادلہ بھی کما سکتے ہیں۔انہوں نے ہڑپہ میوزیم ساہیوال کے داخلی راستے اور سیکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔ رانا مشہود نے ایم ڈی ٹورازم احمر ملک کو ہدایت کی کہ وہ ہڑپہ میوزیم کا دورہ کر کے اس کی بہتری کیلئے تجاویز مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہڑپہ میوزم کی تزئین و آرائش میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااور اس سلسلے میں غفلت برتنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے محکمہ ٹورازم کو میوزیم میں انفارمیشن ڈیسک بنانے اور کامسیٹ یونیورسٹی کے اشتراک سے ڈاکومنٹری فلم بنانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ میوزیم کے گزشتہ تین سالوں کی کارکردگی کی جامع رپورٹ بنا کر مستقبل کا لائحہ عمل تیار کیا جائے اور عوام میں آگاہی کیلئے روڈ شوز کا انعقاد کیا جائے۔ اس موقع پر ہڑپہ میوزیم کے کیوریٹر محمد حسن نے میوزیم کی کارکردگی بارے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :