ڈسٹرکٹ کونسل پشاور کے 92میں سے 80نشستوں ،چاروں ٹاؤن کونسلوں کی 92نشستوں میں سے 85نشستوں پر جماعت اسلامی کے اُمیداروں کے ناموں کو حتمی شکل دیدی گئی

جمعہ 10 اپریل 2015 21:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) جماعت اسلامی ضلع پشاور نے 30مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے ڈسٹرکٹ کونسل پشاور کے 92میں سے 80نشستوں اور چاروں ٹاؤن کونسلوں کی 92نشستوں میں سے 85نشستوں پر جماعت اسلامی کے اُمیداروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ کونسل پشاور کے لئے نامزدہ شدہ تمام 80اُمیدوار ٹاؤن کونسلوں کے لئے نامزد تمام 85اُمیدوار دیگر جماعتوں سے انتخابی اتحاد کے نتائج کا انتظار نہیں کرینگے اور وہ اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے ۔

یہ فیصلہ جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر صابر حسین اعوان کی صدارت میں جماعت اسلامی کی ضلعی مجلس شوریٰ کے اجلاس منعقدہ المرکز اسلامی میں کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور صابرحسین اعوان نے کہا کہ جماعت اسلامی صوبائی دار الحکومت پشاور کی موثر سیاسی قوت ہے اور انشاء اللہ تعالی بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی ضلع پشاور کی سب سے زیادہ نشستیں جیتنے والے پارٹی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے گزشتہ دنوں واحد گڑھی چارسدہ روڈ پشاور اور وزیر باغ میں رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں کامیاب جلسے منقعد کرنے پر مقامی تنظیموں کو مبارکباد دی اور کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق تیزی سے ملک کے مقبول ترین عوامی لیڈر کے طور پر اُبھر کر سامنے آرہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :