قوم کے بچوں کو صحت مند مستقبل دینے کیلئے لیڈی ہیلتھ ورکرز نے پولیو مہم کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ‘خواجہ سلمان رفیق

جمعہ 10 اپریل 2015 20:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) سیودی چلڈرن پاکستان لیڈی ہیلتھ ورکر کی حوصلہ افزائی کے لئے بھی ہر ممکن کوشش کررہا ہے اس سلسلے میں محکمہ صحت پنجاب اور سیودی چلڈرن پاکستان کے تعاون سے تیسرے سالانہ ہیلتھ ورکر ایوارڈز کا انعقاد آج ایک مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔تقریب کا مقصد پنجا ب بھر سے لیڈی ہیلتھ ورکر کی بہترین کارکردگی پر ان کی بھرپور ستائش کرنا تھا۔

چھتیس اضلاع سے منتخب ہونے والی ایل ایچ ڈبلیو میں بہترین کارکردگی کے ایوارڈز تقسیم کئے گئے ۔یہ ایورڈز ان کی انتھک محنت اور ماں وبچہ کی صحت کے حوالے سے ان کاوشوں کے اعتراف میں دئیے گئے۔تقریب کے مہمان خصوصی مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز نہ صرف نامساعد حالات میں اپنے فرائض سرانجام دیتی ہیں بلکہ دور دراز دیہی علاقوں میں پہنچ کر ماؤں اور بچوں کی صحت کو یقینی بنانے کے لئے صحت کا پیغام گھر گھر پہنچا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ قوم کے بچوں کو صحت مند مستقبل دینے کے لئے لیڈی ہیلتھ ورکرز نے پولیو مہم کے دوران کے پی کے اور سندھ میں اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے اور اپنے مقدس فرض کی ادائیگی میں دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر شہادت کے رتبے پر بھی فائز ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز ہماری اصل ہیرو ہیں جن کی کوششوں سے ہر سال ہزاروں بچوں اور خواتین کی جان بچائی جاتی ہے۔

ان کی محنت اور بہترین کارکردگی اعتراف کم ہی کیا جاتا ہے مگر آج ہم اس تقریب میں ان کی خدمات اور ہنر مندی کو دل کھول کر سراہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کا یہی وہ جذبہ ہے جس سے تمام مشکل حالات کا سامنا کرنے کے باوجود لیڈی ہیلتھ وکرز اپنے فرض کی ادائیگی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کومستحکم اور فعال بنانے کے لئے 50 ہزار سے زائد لیڈی ہیلتھ ورکرز اور سپر وائزر کو ان کی ملازمتوں پر ریگولر کیا۔

خواجہ سلمان رفیق نے ماں اور بچوں کی صحت کے حوالے سے سیودی چلڈرن پاکستان کی خدمات کو بھی سراہا۔اس موقع پر ڈائریکٹر سیودی چلڈرن پروگرام ڈاکٹر مسعود عباس نے بتایا کہ ان کا ادارہ 5 سال سے کم عمر کے بچوں میں ڈائریاں سے ہونے والی اموات کی شرح میں واضح کمی لانے میں کوشاں ہے اور اس پروگرام میں حکومت پنجاب او ریکٹ بینکیزر کے تعان سے سیودی چلڈرن مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے کام کررہی ہے جس میں LHWs کی اہمیت درجہ اول کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حافظ آباد اور خانیوال کے اضلاع میں صحت وصفائی کی اکائی مہم میں ہیلتھ ورکرز کا کردار بہت اہم ہو گا۔انہوں نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تربیت اور کیپسٹی بلڈنگ پر زور دیا تاکہ ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :